تفصیلات کے مطابق پولیس نے بتایا کہ 4 سے 5 مسلح ملزمان نے لوٹ مار کی، مقدمہ درج کیا جارہاہے، ملزمان گلشن حدید میں واقع پیپلز بس سروس اسٹاپ پر کار میں سوار ہو کرآئے تھے، ڈاکوؤں نے عملے سے 5 لاکھ روپے لوٹے۔ پولیس نے مزید بتایا کہ ملزمان سیکیورٹی گارڈ سے اسلحہ چھین کر ساتھ لے گئے، ملزمان وہاں موجود افراد سے موبائل فون بھی لوٹ کر فرار ہوئے۔ گزشتہ دنوں محکمہ ٹرانسپورٹ سندھ نے رمضان المبارک کے مہینے میں پیپلزبس سروس کے اوقات میں توسیع کا اعلان کیا تھا۔ وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ 15 رمضان المبارک سے بس سروس رات ایک بجے تک چلائی جائے گی، اطلاق آر 1، آر 2، آر 3، آر 4، آر 9، آر 10 اور ای وی ون روٹ کی بسوں پر ہوگا۔ شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ رمضان کے دوران شہریوں کو درپیش مشکلات کو سمجھتے ہیں، بسوں کے اوقات میں توسیع کا مقصد شہریوں کو مزید سفری سہولت فراہم کرنا ہے۔