تفصیلات کے مطابق تھوک مارکیٹ میں چینی کی قیمت 165 روپے پر برقرار ہے، جب کہ پرچون مارکیٹ میں چینی 170 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہی ہے۔ شوگر ڈیلرز ایسوسی ایشن کے ذرائع کا کہنا ہے کہ شوگر ملز مالکان اور بڑے ڈیلرز نے ملی بھگت سے چینی مہنگی کی، تاہم بڑے شوگر ڈیلرز اب پوچھ گچھ کے خوف سے سودے نہیں کر رہے ہیں، چینی کے فروخت کنندگان موجود ہیں، خریدار فی الحال خاموش ہیں۔ ذرائع کے مطابق صارفین کی جیبوں سے 2 ماہ میں اربوں روپے نکال لیے گئے ہیں، اور صارفین مطالبہ کر رہے ہیں کہ چینی کی قیمت فوری طور پر رمضان سے پہلے والی سطح پر لائی جائے۔ واضح رہے کہ ملک میں چینی کی کوئی قلت نہیں ہے، ذرائع کے مطابق ملک میں 7.5 ماہ کی چینی موجود ہے، فروری تک ملک میں 56 ملین ٹن گنا کرشنگ کے لیے لایا گیا، فروری تک شوگر ملز نے 53 لاکھ ٹن چینی گنے سے تیار کی، ملک میں چینی کے سابقہ ذخائر 9.5 لاکھ ٹن ہیں، فروری میں شوگر ملز کے پاس چینی کے 40 سے 45 لاکھ ٹن ذخائر ہیں۔
