گورنر سندھ نے ڈمپر حادثات کو کراچی میں ’ٹریفک گردی‘ سے تعبیر کیا

آج بدھ کو کراچی میں نجی انرجی کمپنی اور سرسید یونیورسٹی کے درمیان معاہدے کی تقریب میں گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا کہ پچھلے دو مہینوں میں ڈمپر سے لوگ مر رہے ہیں، افغانستان سے لائے گئے ڈمپرز بھی شہر میں چل رہے ہیں، لیکن سعید غنی بجائے ان ڈمپر والوں کو پکڑنے کے میرے بیان کا مذاق اڑا رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کسی بھی شخص کو قانون ہاتھ میں لینے کی ضرورت نہیں ہے، لیکن جتنی تیزی آفاق احمد کی گرفتاری میں دکھائی گئی ہے اتنی ہی دیگر چیزوں میں بھی دکھائیں۔ کامران ٹیسوری نے کہا سعید غنی کے بیان پر مجھے افسوس ہوا، وہ مجھ پر بعد میں کر لیں تنقید، یہ بتائیں کہ عدالتی احکامات کے باوجود بھی کارروائی کیوں نہیں ہو رہی؟ گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا ’’پہلے کراچی میں دہشت گردی تھی اب ٹریفک گردی ہے، قاتل ڈمپر قانون کی خلاف ورزی کر رہے ہیں، دن میں کوئی ڈمپر نہیں چلنا چاہیے، میں پہلے بھی کہہ چکا ہوں، سعید غنی ڈمپر والوں کی گرفتاری میں بھی تیزی دکھائیں۔