5

کراچی ایئر پورٹ پر طیارہ خوفناک حادثے سے بچ گیا

پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی انتظامیہ کی مبینہ غفلت و لاپرواہی سے کراچی ایئرپورٹ کے طیاروں کیلئے مخصوص جیولیٹ ٹیکسی وے پر تربیتی طیارہ حادثے سے بال بال بچ گیا۔ رن وے پر تربیتی طیارے کا ٹائر لوہے کے ٹکڑے سے ٹکرا کر پھٹ گیا، کپتان نے کمال مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایمرجنسی بریک لگا کر طیارے کو فوری طور پر کنٹرول کیا۔ رپورٹ کے مطابق مذکورہ تربیتی طیارہ اڑان بھرنے کیلئے ٹیکسی وے سے رن وے کی جانب جارہا تھا کہ زور دار دھماکے جیسی آواز سنائی دی۔ واقعے کے نتیجے میں نجی ایوی ایشن کمپنی کے تربیتی طیارے کو ٹائر کی مد میں 5 لاکھ روپے مالیت سے زائد کا نقصان ہوگیا۔ طیارہ واقعے سے متعلق پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی اور سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) کو تحریری طور آگاہ کردیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ کراچی ایئرپورٹ پر جنرل ایوی ایشن ایریا (شہری ہوا بازی) کے ہینگرز میں کتوں کی بہتات ہوگئی ہے، آوارہ کتوں کا آزادانہ گشت فلائٹ سیفٹی کے لیے خطرہ بن گیا۔ کراچی ایئرپورٹ پر جنرل ایوی ایشن ایریا کے ہینگرز کے جنرل ایوی ایشن ایریا میں تربیتی طیاروں کی آمد و رفت جاری رہتی ہے۔ یہ آوارہ کتے کسی بھی وقت کسی بڑے حادثے کا سبب بن سکتے ہیں، اور اسی حوالے سے گزشتہ شام بھی ایک آوارہ کتا طیارے سے ٹکراتے ٹکراتے رہ گیا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں