وزیراعظم شہباز شریف ڈی 8 ممالک کی سمٹ میں شرکت کے لیے 3 روزہ سرکاری دورے پر مصر روانہ

 وزیراعظم شہبازشریف 3 روزہ سرکاری دورے پر مصر کے دارالحکومت قاہرہ روانہ ہوگئے۔ وزیراعظم شہبازشریف قاہرہ میں منعقد ہونے والے ڈی 8 ممالک کے 11 ویں سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے، اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے روزگار کی فراہمی، جدت کے فروغ اور مقامی کاروبار کی ترویج کی بنیادوں پر مضبوط اور شراکت داری پر مبنی معیشت کیلئے نوجوانوں، چھوٹے و درمیانے طبقے کے کاروبار (SMEs) میں سرمایہ کاری کی اہمیت کو اجاگر کریں گے۔ ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ وزیر اعظم ترقی پذیر 8 ممالک (ڈی-8) کے 11ویں سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے۔ وزیراعظم سرکاری دورے پر مصر روانہ ہوئے جب کہ وزیر خارجہ اسحٰق ڈار آج ڈی 8 کونسل آف منسٹرز کے 21ویں اجلاس میں شرکت کریں گے۔شہباز شریف ترقی پذیر ممالک کی تنظیم D-8 کے وضع کردہ بنیادی اصولوں پر تعاون و عملدرآمد کے حوالے سے پاکستان کے مضبوط عزم کا اظہار کریں گے۔ وزیرِاعظم کانفرنس میں شریک ممالک کے مابین باہمی استفادے و ترقی کیلئے شراکت داریوں کے ساتھ ساتھ زراعت، غذائی تحفظ اور سیاحت میں تعاون کی اہمیت پر زور دینگے، نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور انکی معاشی ترقی کیلئے حکومت پاکستان کے اقدامات پر بھی روشنی ڈالیں گے۔ شہباز شریف اسرائیلی جارحیت اور وحشیانہ بربریت کے نتیجے میں مشرق وسطی کی صورتحال، انسانی بحران اور غزہ و لبنان میں تعمیر نو و بحالی کے مسائل پر منعقدہ D-8 کے خصوصی اجلاس میں بھی شرکت کریں گے۔ وزیراعظم فلسطین کے حوالے سے پاکستان کے اصولی مؤقف سے آگاہی دیتے ہوئے مشرق وسطی میں امن کے قیام پر زور دینگے۔ اس موقع پر وزیرِ اعظم سربراہی اجلاس میں شرکت کیلئے آئے مختلف ممالک کے سربراہان سے دوطرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے، نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ اور معاون خصوصی طارق فاطمی وزیرِ اعظم کے ہمراہ کانفرنس میں شرکت کریں گے۔