حکومت اور پی ٹی آئی میں مذاکرات :سپیکر ایاز صادق سہولت کاری کیلئے تیار

حکومت اوراپوزیشن کے درمیان مذاکرات کیلئے اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے مذاکرات کیلئے دروازے کھول دیئے۔ اسپیکر ایاز صادق کا کہنا ہے کہ حکومت اپوزیشن مذاکرات کے لیے میرا آفس اور گھر ہر وقت حاضر ہے، حکومت اپوزیشن میں تلخیاں ختم کرنے کےلیے مذاکرات ضروری ہیں۔ سیاسی ایشوز سمیت کسی بھی معاملے پر مذاکرات میں کردار ادا کرنے کو تیار ہوں، کل ایوان میں ہونے والی بحث خوش آئند تھی۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز حکومت کی جانب سے اسمبلی کے فلور پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو مذاکرات کی دعوت دی گئی تھی۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز قومی اسمبلی اجلاس میں ویراعظم کے مشیر سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے پی ٹی آئی کو مذاکرات کی پیشکش کرتے ہوئے کہا تھا کہ جب تک حکومت اور اپوزیشن کے درمیان ڈائیلاگ نہیں ہوگا یہ سسٹم نہیں چل سکتا۔ رانا ثنا کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی حکومت کو بتائے کہ یہ کمیٹی ہے اور ہم سیاسی مذاکرات کرنا چاہتے ہیں، ہم بھی اس کے لیے کوشش کریں گے اور مجھے امید ہے کہ اس کا کوئی نہ کوئی نتیجہ ضرور نکلے گا۔ اس سے قبل چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر خان بھی حکومت کو مذاکرات کی پیش کش کرچکے ہیں۔ انکا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ ہمیں مذاکرات کے ذریعے راستہ فراہم کرے۔ وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ مذاکرات کی باضابطہ شروعات نہیں ہوئی، بات چیت کیلئے ٹھوس اقدامات کرنا ہوں گے، گن پوائنٹ پر مذاکرات نہیں ہوسکتے، پی ٹی آئی نے سول نافرمانی کی بندوق تان رکھی ہے۔ قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما کے شیر افضل مروت نے بھی سیاسی قائدین کو مل بیٹھنے کا مشورہ دیا تھا، انہوں نے کہا تھا کہ جب تک سیاسی قوتیں ایک ہو کر نہیں بیٹھیں گی، مذاکرات کامیاب نہیں ہو سکتے۔