جلد بلاول کی وزیراعظم سے ملاقات ہوگی،مولانا کا مسئلہ حل ہونے کی امید ہے:فیصل واوڈا

سابق وفاقی وزیراور سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ آئندہ چند دنوں میں بلاول کی وزیراعظم سے ملاقات ہوگی، جس میں مولانا کا مسئلہ حل ہونے کی امید ہے۔ سینیٹر فیصل واوڈا کا سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہنا تھا کہ بات چیت سے ہی مذاکرات آگے بڑھائے جاسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا جیسے میں نے کوشش کی ویسے امید ہے کہ آنے والے دنوں میں وزیراعظم اور بلاول صاحب کی ملاقات، مولانا کے مسئلہ کا حل، ایم کیو ایم اور باپ کی نمائندگی اور پی ٹی آئی سے بات چیت سمیت جمہوری معاملات کو جمہوری طریقے سے ہی سر انجام دیا جائےگا۔ فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ یہی طریقہ ہے بات چیت کو آگے بڑھانے کا، امید کرتا ہوں کہ میری کوششیں رائیگاں نہیں جائیں گی اور سیاسی جماعتیں ذمہ داری کا مظاہرہ کریں گی اور انشااللہ میں یہ سب ہوتا ہوا بہت جلد دیکھ رہا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ سب سے پہلے پاکستان سیاسی معاملات بعد میں۔ اس کیلئے اپنا کردار ادا کر رہا ہوں اور کرتا رہوں گا۔ واضح رہے کہ فیصل واڈا پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی سابق حکومت میں وفاقی وزیر رہ چکے ہیں، تاہم انہوں نے تحریک انصاف کو خیر باد کہہ دیا تھا، اس وقت وہ پی ٹی آئی کے ناقدین میں شمار کیے جاتے ہیں۔