18دسمبر کو سندھ کا عوام اپنا کاروبار بند کر کے کینال بنانے کے منصوبے کے خلاف احتجاج ریکارڈ کرائے گا: ڈاکٹر قادر مگسی

 سندھ ترقی پسند پارٹی کے چیئرمین ڈاکٹر قادر مگسی نے کہا ہے کہ 18دسمبر  کو سندھ کا عوام اپنا کاروبار بند کر کے شٹر بند ہڑتال کرے گا اور سندھودریا پر کینال بنانے کے منصوبے کے خلاف احتجاج ریکارڈ کرائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سندھ ترقی پسند پارٹی کے سینئر رہنماؤں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ سندھودریا کے پانی پر سندھ کا دائمی، آفاقی اور قانونی حق ہے۔ کسی بھی صورت میں یہ حق ہم نہیں چھننے دیں گے۔ سندھ اپنے حقوق کے لیے عوامی سیاسی جدوجہد جاری رکھے گا۔ ایس ٹی پی کے سربراہ نے مزید کہا کہ کراچی گورنر ہاؤس کے سامنے رکاوٹوں کے باوجود سندھ عوام نے بھرپور شرکت کر کے تاریخی احتجاج ریکارڈ کرایا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے حکمرانوں کو ہوش کے ناخن لینے چاہئیں، سندھ کے ساتھ سوتيلي ماں کی طرح سلوک کیا جا رہا ہے ۔ ملک کے قانون اور آئین کے تحت فیصلے کرنے کی بجائے غیر آئینی طریقے سے فیصلے کیے جا رہے ہیں جس سے صوبوں میں خاص طور پر سندھ میں احساس محرومی میں مزید اضافہ ہو رہا ہے۔ پانی کے معاملے پر ارسا کو اعتماد میں لیے بغیر کیے گئے فیصلے ملک کے آئین اور قانون کے خلاف ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سندھ کسی بھی صورت میں سندھودریا پر کینال قبول نہیں کرے گا، حکمرانوں کو ایسے فیصلے واپس لینا ہوں گے۔ انہوں نے سندھ کے عوام سے اپیل کی کہ سندھودریا کو بچانے کے لیے 18 دسمبر کو اپنا کاروبار بند رکھ کر ہڑتال کی کال کو کامیاب بنائیں۔ اس موقع پر تاجروں اور دکاندار تنظیموں سے رابطے کے لیے مختلف کمیٹیاں تشکیل دی گئیں جو تاجروں اور دکانداروں سے ملاقات کر کے ہڑتال کی حمایت حاصل کریں گی۔ اجلاس میں گلزار سومرو، حیدر شاہانی، ہوٹ خان گاڑھی، ڈاکٹر عبدالحمید میمن، قادر چنا، ڈاکٹر احمد نوناری، ڈاکٹر سومار منگریو ، عاشق سولنگی، خدابخش درس، ڈاکٹر مظہر میمن، جان محمد جوڑيجو اور دیگر شریک ہوئے۔