حکومت کا پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلانے کا فیصلہ، مدارس بل کی منظوری کا امکان

 حکومت نے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلانے کا فیصلہ کیا ہے جس میں مدارس بل ایک بار پھر پیش کیے جانے کا امکان ہے۔ مشترکہ اجلاس بلانے کے لیے سمری صدر مملکت کو ارسال کردی گئی ہے جس کی منظوری جلد متوقع ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سمری وزارت پارلیمانی امور نے صدر مملکت کو ارسال کی ہے، پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس 17 دسمبر کو منعقد ہونے کا امکان ہے۔ پارلیمانی ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس 17 دسمبر کو دن 11 بجے بلانے کی ایڈوائس بھیجی ہے، مشترکہ اجلاس میں دینی مدارس کی رجسٹریشن سمیت آٹھ بلز کی منظوری کا امکان ہے۔ ذرائع کا بتانا ہے کہ دینی مدارس کی رجسٹریشن سے متعلق نئے بل پر حکومت اور جے یو آئی ف کے درمیان مشاورت جاری ہے۔ واضح رہے کہ حکومت اور جے یو آئی کے درمیان مدارس بل پر تنازع برقرار ہے، پارلیمنٹ سے مدارس بل منظور ہوکر صدر کے پاس پہنچا تو انہوں نے اعتراض عائد کرکے اسے واپس کردیا، اب پارلیمنٹ کے اس اجلاس میں ایک بار پھر مدارس بل پیش کیے جانے کا امکان ہے۔