وزیر اعظم شہباز شریف ’ون واٹر سمٹ‘ میں شرکت کے لیے 2 روزہ دورے پر سعودی عرب روانہ ہوگئے، وہ یہ دورہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی دعوت پر کر رہے ہیں۔ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تاریخی برادرانہ تعلقات ہیں، دونوں ممالک ثقافت، معیشت، تجارت اور دفاع سمیت مختلف شعبوں میں باہمی تعاون رکھتے ہیں، یہ وزیر اعظم شہباز شریف کا رواں برس کے دوران برادر اسلامی ملک کا 5واں دورہ ہوگا۔ دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف سعودی عرب میں ہونے والی ’ون واٹر سمٹ‘ میں شرکت کریں گے، سعودی عرب، فرانس، قازقستان اور عالمی بینک کے اشتراک سے منعقد کی جانے والی اس سمٹ کا مقصد آبی وسائل کے انتظام کے لیے عالمی تعاون کو فروغ دینا اور اعلیٰ سطح پر سیاسی وعدوں کے ذریعے مربوط بین الاقوامی نقطہ نظر کو فروغ دینا ہے۔ جاری بیان کے مطابق وزیراعظم سربراہی اجلاس میں کلیدی خطاب کریں گے جس میں تازہ پانی کے وسائل اور آبی زمینوں کے تناظر میں بحالی، تحفظ اور موافقت پر توجہ دی جائے گی۔ وزیراعظم پاکستان کی طرف سے پانی کے تحفظ کو فروغ دینے، آب و ہوا میں تبدیلی کے اثرات کو برداشت کرنے، پانی کے معیار کو بہتر بنانے، ذرائع معاش بڑھانے اور حیاتیاتی تنوع کے تحفظ کے لیے اٹھائے جانے والے اقدامات پر بھی روشنی ڈالیں گے۔ وزیر اعظم موسمیاتی تبدیلیوں سے سیلابوں، غیر معمولی اور انتہائی موسمی حالات اور آبی وسائل اور ماحولیاتی نظام پر گرمی کے دباؤ کے اثرات سے نمٹنے کے لیے بین الاقوامی تعاون کی اہمیت کے ساتھ آبی وسائل کے پائیدار انتظام کے لیے بامعنی عالمی تعاون پر زور دیں گے۔