پرتھ ٹیسٹ:بھارت نے آسٹریلیا کو 295 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی

 پرتھ ٹیسٹ میں بھارت نے آسٹریلیا کو 295 رنز کی بڑی شکست دے کر بارڈر گواسکر ٹرافی کے 5 ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی۔ آسٹریلیا اور بھارت کے درمیان 5 ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کے پہلا میچ پرتھ میں کھیلا گیا جس کی پہلی اننگز میں مہمان ٹیم 150 رنز پر آؤٹ ہوگئی تاہم میزبان ٹیم 104 رنز ہی بناسکی اور یوں بھارت کو پہلی اننگز میں 46 رنز کی برتری حاصل ہوئی۔ دوسری اننگز میں بھارتی ٹیم نے حیران کن کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 6 وکٹ کے نقصان پر 487 رنز بناکر اننگز ڈیکلیئر کردی اور آسٹریلیا کو جیت کے لیے 534 رنز کا ہدف دیا۔ ہدف کے تعاقب میں کینگروز بیٹنگ لائن اپ دوسری اننگز میں بھی فلاپ رہی اور پوری ٹیم 238 رنز ہی بناسکی، 6 کھلاڑی ڈبل فیگر میں بھی داخلہ نہ ہوسکے، ٹریوس ہیڈ 89 رنز بناکر نمایاں رہے۔ بھارت کی جانب سے کپتان جسپریت بمرا نے پہلی اننگز میں 5 اور دوسری اننگز میں 3 وکٹیں حاصل کیں اور مین آف دی میچ قرار پائے، محمد سراج نے میچ میں 5 اور ہرشت رانا نے 4 وکٹیں حاصل کیں۔ پرتھ ٹیسٹ کے پہلے روز مجموعی طور پر 17 وکٹیں گری تھیں، جس سے بظاہر ایسا دکھائی دے رہا تھا کہ یہ میچ تیسرے دن ہی ختم ہوجائے گا لیکن بھارتی بلے بازوں نے دوسری اننگز میں بہترین بلے بازی کا مظاہرہ کرکے ناقدین کو خاموش کردیا۔