“کراچی: رکشہ گینگ کے سرغنہ سمیت 4 انتہائی مطلوب ملزمان گرفتار، پولیس کی بڑی کارروائی”
کراچی میں شاہ لطیف ٹاؤن پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے رکشہ گینگ کے سرغنہ سمیت 4 انتہائی مطلوب ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ ایس ایس پی ملیر کاشف عباسی نے بتایا کہ ملزمان کے قبضے سے 2 پستول، 5 موبائل فونز اور ایک رکشہ برآمد ہوا ہے۔
گینگ کے سرغنہ رحیم بخش کے علاوہ ملزمان میں صابر، عاشق اور آصف شامل ہیں۔ کاشف عباسی نے کہا کہ آصف مختلف مقامات سے سواریاں اٹھاتا تھا اور گینگ سرغنہ کو مسافروں کے قیمتی سامان اور نقدی کی معلومات فراہم کرتا تھا۔
ایس ایس پی نے مزید بتایا کہ ملزم رحیم بخش 18 سال جیل میں گزار کر آیا تھا اور اس نے ساتھی کے ساتھ عدالت سے فرار ہوتے وقت پولیس اہلکار کو شہید کیا تھا۔ زخمی حالت میں گرفتار ہونے والے ملزم نے جیل سے باہر آتے ہی نیا گینگ تشکیل دیا۔
رحیم بخش کا کرمنل ریکارڈ بھی بہت زیادہ ہے، اور 1998 میں 70 لاکھ کی ڈکیتی کے کیس میں اسے گرفتار کیا گیا تھا۔ پولیس نے مزید تفتیش کے لیے تمام ڈسٹرکٹس سے رابطہ شروع کر دیا ہے اور ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔