5

کراچی کی سڑکیں: شہریوں کے لیے سفر یا صبر کا امتحان؟

کراچی کی خستہ حال سڑکیں: مسافروں کے لیے آزمائش بن گئیں

ملک کو سب سے زیادہ ریونیو دینے والا اور معاشی حب کہلانے والا کراچی اس وقت بنیادی سہولتوں کی بدحالی کی منہ بولتی تصویر بنا ہوا ہے۔ شہر قائد کی سڑکیں خستہ حالی اور ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں، جہاں گڑھوں سے بھری یہ سڑکیں شہریوں کے لیے کسی امتحان سے کم نہیں۔

جا بجا موجود گڑھے اور ناہموار سطح نہ صرف مسافروں کے لیے مشکلات کا باعث ہیں بلکہ ان پر سفر کرنے والے کمر درد اور دیگر طبی مسائل کا شکار ہو رہے ہیں۔ ہچکولے کھاتی گاڑیاں اور ان میں موجود بے حال مسافر بدانتظامی کی واضح مثال پیش کرتے ہیں۔

شہر کی ہر چھوٹی بڑی سڑک کسی نہ کسی جگہ سے متاثر ہے۔ ناقص تعمیراتی مواد کا استعمال اور متعلقہ اداروں کی غفلت نے ان سڑکوں کو جلد ہی خستہ حالی کی جانب دھکیل دیا ہے۔ معمولی بارش کے بعد ہی ان کا ٹوٹ جانا ایک بڑا سوالیہ نشان ہے۔

مزید یہ کہ روڈ کٹنگ کے بعد مرمت نہ ہونے سے مسائل مزید سنگین ہو جاتے ہیں۔ بلدیاتی ادارے روڈ کٹنگ کی فیس تو لے لیتے ہیں لیکن مرمت کا کوئی بندوبست نہیں کرتے۔

کراچی میونسپل کارپوریشن (کے ایم سی) کے تحت آنے والی 106 سڑکوں کی مرمت کا عمل جاری ہے، لیکن شہری یہ سوال اٹھا رہے ہیں کہ ان سڑکوں کا کیا ہوگا جو کے ایم سی کے دائرہ اختیار سے باہر ہیں؟ ان پر روزانہ لاکھوں افراد سفر کرتے ہیں، لیکن ان کے لیے بھی کوئی عملی حل نظر نہیں آتا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں