مولانا طارق جمیل کا فتویٰ پر دلچسپ ردعمل: “وی پی این حرام تو موبائل بھی حرام!”
مشہور عالم دین مولانا طارق جمیل نے اسلامی نظریاتی کونسل کی جانب سے وی پی این (ورچوئل پرائیویٹ نیٹ ورک) کو حرام قرار دینے کے فتوے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ اگر وی پی این حرام ہے، تو موبائل فون کا استعمال بھی حرام قرار دیا جانا چاہیے۔
چند دن پہلے اسلامی نظریاتی کونسل نے وی پی این کو غیر شرعی قرار دیا تھا، جس کے بعد ملک بھر میں اس حوالے سے نئی بحث چھڑ گئی۔ دوسری جانب، پی ٹی اے نے بڑی تعداد میں غیر رجسٹرڈ وی پی اینز کو بلاک کرنے کے ساتھ ان کی رجسٹریشن کا عمل آسان بنا دیا ہے۔
مولانا طارق جمیل نے ایک نجی ٹی وی چینل سے بات کرتے ہوئے کہا، “مجھے تو یہ بھی علم نہیں کہ کس شرعی کونسل نے یہ فتویٰ دیا ہے۔ اگر وی پی این حرام ہے تو پھر موبائل فون بھی حرام ہونا چاہیے، کیونکہ موبائل میں وی پی این کے بغیر بھی بہت سی غیر اخلاقی چیزیں دیکھنے کی سہولت موجود ہے۔”
انہوں نے مزید کہا، “میرے خیال میں وی پی این کو حرام قرار دینے کا یہ فتویٰ درست نہیں ہے۔ یہ ایک غیر منطقی سوچ ہے، اور میں اس سے متفق نہیں ہوں۔”