5

اسرائیلی وزیراعظم کے گھر پر ایک اور حملہ، نیتن یاہو معجزانہ طور پر محفوظ!

غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو کی قیصریہ میں واقع رہائش گاہ پر دو فلیش بم پھینکے گئے، جو ان کے گھر کے صحن میں گرے۔ یہ واقعہ ایک ماہ کے اندر دوسرا حملہ ہے، جس نے اسرائیلی سیاسی اور عوامی حلقوں میں ہلچل مچا دی ہے۔

حملے کے وقت نیتن یاہو اور ان کا خاندان گھر پر موجود نہیں تھا، تاہم وزیراعظم نے اس واقعے کو اسرائیل کی سلامتی کے لیے سنگین خطرہ قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ حملہ نہ صرف ان کے خلاف بلکہ اسرائیلی حکومت کے استحکام کے خلاف ایک واضح سازش ہے۔

واقعہ کے بعد اسرائیلی اسپیشل پولیس نے فوری طور پر علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ تاہم ابھی تک یہ واضح نہیں ہو سکا کہ اس حملے کے پیچھے کون ملوث ہے۔ پولیس نے تین مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا ہے، اور ان سے تفتیش جاری ہے۔

اسرائیلی صدر اسحاق ہرزوگ نے اس واقعے کو سنگین قرار دیتے ہوئے سیکیورٹی ایجنسی شین بیت کو حکم دیا ہے کہ وہ اس حملے کی مکمل اور شفاف تحقیقات کرے۔ اسرائیلی وزیر دفاع یوآف گالانٹ نے اپنے بیان میں سخت غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ “تمام سرخ لکیریں عبور کی جا چکی ہیں۔ یہ ناقابل تصور ہے کہ وزیراعظم، جنہیں بیرونی دشمنوں اور ایران کے ایجنٹوں کی جانب سے قتل کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں، اب اندرونی خطرات کا بھی سامنا کر رہے ہیں۔”

یاد رہے کہ گزشتہ ماہ 22 اکتوبر کو بھی وزیراعظم کی رہائش گاہ پر ایک حملہ ہوا تھا، جب حزب اللہ کے ڈرونز نے ان کے گھر کو نشانہ بنایا تھا۔ خوش قسمتی سے اُس وقت بھی نیتن یاہو گھر پر موجود نہیں تھے۔

یہ حالیہ حملہ نہ صرف اسرائیلی سیکیورٹی کے نظام پر سوالیہ نشان ہے بلکہ اس نے داخلی اور خارجی سطح پر بڑھتے ہوئے خطرات کو بھی اجاگر کیا ہے، جن کا ملک کو سامنا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں