دفاعی نمائش 2024 کے انعقاد کے پیش نظر ٹریفک پولیس نے ایک تفصیلی ٹریفک پلان جاری کیا ہے جس میں 19 نومبر سے 22 نومبر تک کراچی میں سڑکوں کی بندش اور ہیوی ٹریفک پر سخت پابندیاں عائد کر دی گئی ہیں۔ ایکسپو سینٹر کے قریب آنے والے راستوں کی بندش کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔
ٹریفک پولیس کے مطابق، صبح 7 سے شام 7 بجے تک ایکسپو سینٹر سے جڑنے والی تمام سڑکیں بند رہیں گی، جبکہ حسن اسکوائر فلائی اوور سے نیشنل اسٹیڈیم کی سڑک اور اسٹیڈیم فلائی اوور سے دونوں فلائی اوورز بھی ٹریفک کے لیے مکمل طور پر بند ہوں گے۔
مزید براں، ڈالمیا روڈ اسٹیڈیم سگنل سے حسن اسکوائر جانے والی سڑک بھی بند کر دی جائے گی، اور یونیورسٹی روڈ سے ایکسپو سینٹر جانے والی سڑک بھی مکمل طور پر بند رہے گی۔
ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ شارع فیصل سے ہیوی اور کمرشل گاڑیوں کے لیے واٹر ٹینکر کا کارساز روڈ پر داخلہ بند کر دیا جائے گا، اور یہ تمام گاڑیاں ڈرگ روڈ کا راستہ اختیار کریں۔
راشد منہاس روڈ سے اسٹیڈیم روڈ تک ہیوی اور کمرشل ٹریفک کا داخلہ بھی روک دیا جائے گا، اور انہیں نیپا، عسکری 4، شارع فیصل یا نیپا چورنگی کے راستوں پر بھیجا جائے گا۔
نیپا سے حسن اسکوائر تک اور جیل چورنگی سے حسن اسکوائر تک ہیوی اور کمرشل ٹریفک کو مکمل طور پر روکا جائے گا۔ ان گاڑیوں کو شہید ملت روڈ یا تین ہٹی روڈ استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
یونیورسٹی روڈ سے اسٹیڈیم روڈ پر بھی ہیوی اور کمرشل گاڑیوں کی آمدورفت پر پابندی ہو گی اور ان کو پی پی چورنگی، شہید ملت روڈ کی جانب بھیجا جائے گا۔ لیاقت آباد نمبر 10 سے حسن اسکوائر جانے والی کمرشل گاڑیوں کو بھی اس راستے سے روک دیا جائے گا، اور انہیں تین ہٹی کی جانب بھیجا جائے گا۔
یہ ٹریفک پلان اس بات کی ضمانت دیتا ہے کہ دفاعی نمائش کے دوران ٹریفک کی روانی متاثر نہ ہو اور شہریوں کو کم سے کم مشکلات کا سامنا ہو۔