کراچی کے علاقے کورنگی میں اے ٹی ایم لوٹنے کی ویڈیو کے بعد اب ایک اور ہولناک ویڈیو سامنے آئی ہے، جس میں بلدیہ مدینہ کالونی میں ایک چکن شاپ میں دو مسلح لٹیروں نے دکان دار اور شہریوں کو لوٹتے ہوئے کھلے عام واردات کی۔
مدینہ کالونی تھانے کی حدود میں سیکٹر A/3 دارالعلوم صفحہ و مسجد کے قریب اختر چکن شاپ پر ہونے والی اس واردات کی فوٹیج میں لٹیرے اسلحے کے زور پر دکان میں موجود تین افراد سے چھ موبائل فون اور 30 ہزار روپے کی نقدی چھین کر فرار ہوتے دکھائی دیتے ہیں۔
کراچی کے شہری اس وقت لٹیروں کے رحم و کرم پر ہیں، کیونکہ اسٹریٹ کرائمز کی وارداتیں تھمنے کا نام نہیں لے رہی ہیں۔ پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیجز کی مدد سے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے، تاہم وارداتوں کا تسلسل شہریوں میں خوف و ہراس پھیلائے ہوئے ہے۔
یاد رہے کہ اس سے پہلے کورنگی نمبر دو میں ایک اور خوفناک واردات ہوئی تھی، جہاں دو ڈاکوؤں نے اے ٹی ایم سے رقم نکالنے والے شہری کو لوٹ لیا تھا۔ شہری اے ٹی ایم کا دروازہ لاک کر کے پیسے نکال رہا تھا کہ دو مسلح ڈاکو اندر داخل ہو گئے۔ انہوں نے شہری سے رقم اور بٹوے سے پیسے چھیننے کے بعد اس سے دوبارہ رقم نکالنے کا کہا۔ جب شہری نے مزاحمت کی تو ڈاکوؤں نے اسے دھمکایا اور دوبارہ رقم نکال کر دے دی۔