شاداب خان نے ریاض میں گلوبل ہارمنی ایونٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ رضوان کی کپتانی میں ٹیم کامیابیاں سمیٹے گی۔ انہوں نے کہا کہ خواہش ہے بھارت راولپنڈی میں میچ کھیلے۔ اس سے قبل پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک نے قومی ٹیم کے وکٹ کیپر محمد رضوان کے کپتان بنائے جانے پر اپنی رائے کا اظہار کیا تھا۔ رپورٹس کے مطابق ریاض میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے سابق کپتان شعیب ملک نے کہا کہ محمد رضوان کے کرکٹ ٹیم کے کپتان بننے پر خوشی ہے، وہ اسمارٹ کرکٹر ہیں۔ سابق کپتان نے کہا کہ محمد رضوان نے جہاں بھی کپتانی کی کامیاب رہے، امید ہے قومی ٹیم میں بھی وہ کامیاب ہوں گے، ان کی کامیابی کے لیے دعا گو ہوں، ناکامی زیادہ سکھاتی اور کامیابی صرف آپ کا دماغ خراب کرتی ہے۔ واضح رہے کہ حال ہی میں محمد رضوان کو ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ کا کپتان جبکہ آغا سلمان کو نائب کپتان مقرر کیا گیا ہے۔
10