22

ایس سی او سمٹ: مربوط سیکیورٹی پلان تشکیل، ٹریفک پلان بھی جاری

شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کا 26 واں سربراہی اجلاس 15 اور 16 اکتوبر کو اسلام آباد میں منعقد ہو رہا ہے۔ اس اجلاس میں چین، بھارت، روس، ایران سمیت تمام ممبر ممالک کے وفود شرکت کر رہے ہیں۔سربراہی اجلاس میں غیر ملکی وفود کی آمد کے باعث جامع اور مربوط سیکیورٹی پلان تشکیل دے دیا گیا ہے۔اس حوالے سے آئی جی اسلام آباد علی ناصر رضوی کا کہنا ہے کہ ایئر پورٹس، وفود کی رہائش گاہوں اور دیگر مقامات پر ڈیوٹیز کو حتمی شکل اور ٹریفک کا پلان تشکیل دیا ہے۔ کوشش کی ہے کہ شہریوں کو کم سے کم مشکلات کا سامنا ہو۔آئی جی کے مطابق غیر ملکی سربراہان، وفود اور مہمانوں کی بھرپور سیکیورٹی یقینی بنائی ہے۔ وزارت خارجہ، ضلعی انتظامیہ، آرمی، رینجرز اور ایف سی اہلکار فرائض انجام دے رہے ہیں۔ سرچ اور انفارمیشن بیسڈ آپریشنز کا سلسلہ جاری ہے۔آئی جی اسلام آباد نے مزید بتایا کہ دیگر صوبائی پولیس، ٹریفک پولیس، اسپیشل برانچ اہلکار بھی فرائض ادا کر رہے ہیں۔ پولیس نے 93 فیصد فورس بھرپور سیکیورٹی انتظامات کیلیے تعینات کی ہے اور 9 ہزار سے زائد اہلکار فرائض سر انجام دے رہے ہیں۔دریں اثنا ایس سی او اجلاس کے سلسلے میں راولپنڈی اور اسلام آباد کے لیے جو ٹریفک پلان جاری کیا گیا ہے۔ اس کے مطابق 14 سے 16 اکتوبر تک مختلف شاہراہیں بند رہیں گی جب کہ ٹریفک پلان پر عملدرآمد کے لیے 1100 سے زائد ٹریفک اہلکار مامور ہوں گے۔جاری ٹریفک پلان کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں ہر قسم کی بھاری ٹریفک کا داخلہ ممنوع ہوگا۔اسلام آباد ایکسپریس وے، زیرو پوائنٹ سے کورال چوک تک بند ہوگی۔ راولپنڈی آنے اور جانے والے نائنتھ ایونیو استعمال کریں گے۔ فیصل ایونیو پر زیرو پوائنٹ سے نائنتھ ایونیو کی طرف ڈائیورژن ہوگی۔بارہ کہو سے راولپنڈی کیلیے کورنگ روڈ، بنی گالہ، لہتراڑ روڈ استعمال کیا جائے گا۔ آئی جے پی روڈ سے فیض آباد کیلیے نائنتھ ایونیو سگنل سے اسٹیڈیم روڈ کا راستہ مختص کیا گیا ہے جب کہ جی ٹی روڈ کے ذریعے پشاور سے لاہور جانے والی ہیوی ٹریفک کو ٹیکسلا سے موٹر وے موڑا جائے گا۔گاڑیاں چکری انٹر چینج سے اتر کر براستہ روات دوبارہ جی ٹی روڈ استعمال کر سکتی ہیں۔ جڑواں شہروں اور پشاور کی طرف جانے والی بڑی گاڑیوں کیلیے بھی یہی روٹ ہوگا جب کہ پنڈی اور اسلام آباد میں میٹرو بس سروس 14 سے 17 اکتوبر تک بند رہے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں