27

کراچی : ایئر پورٹ کے قریب دھماکے کی تحقیقات کے لئے خصوصی تفتیشی ٹیم تشکیل

تفصیلات کے مطابق کراچی ایئر پورٹ کے قریب دھماکے سے متعلق خصوصی تفتیشی ٹیم تشکیل دے دی گئی ، بم ڈسپوزل ایسٹ، ساؤتھ، ویسٹ کی ٹیمیں تفتیش کریں گی ، آئی جی سندھ کےاحکامات پرخصوصی ٹیم تشکیل دی گئی ہے۔ تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ دھماکے میں بارودی مواد کے استعمال کے حوالے سے بی ڈی تحقیقات کر رہی ہے، ابتدائی طور پر بی ڈی نے جائے وقوعہ کو کلئیر کر دیا ہے جبکہ بم ڈسپوزل سکواڈ کی خصوصی ٹیم موقع پر موجود ہے۔ حکام نے کہا کہ بم ڈسپوزل اسکواڈ کی خصوصی ٹیم مکمل رپورٹ تیار کرے گی ، دھماکے میں متاثرہ گاڑیوں کی چھان بین کے بعد جائے وقوعہ سے ہٹائی جائیں گی۔ یاد رہے گذشتہ روز کراچی میں جناح انٹرنیشنل ایئر پورٹ کے قریب سگنل پر خوفناک دھماکے میں 2 غیر ملکیوں سمیت 3 افراد ہلاک جبکہ چار پولیس اور دو رینجرز اہلکاروں سمیت سترہ افراد زخمی ہوگئے تھے اور دھماکے سے مجموعی طور پر 12 گاڑیاں کو نقصان پہنچا، متاثرہ گاڑیوں میں ایک پولیس موبائل اور2رکشے شامل ہیں۔ پولیس کا کہنا تھا کہ ائیر پورٹ کے قریب دھماکا چینی شہریوں کے قافلے کے گزرنے کے دوران ہوا، دھماکا شہر میں دور دور تک سنا گیا، ائیر پورٹ ذرائع کے مطابق چینی شہری بیجنگ سے چائنا ائیر اور تھائی ائیر کی پروازوں سے کراچی پہنچے تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں