10

بہاولپور ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن 2 سال سے غیر فعال ہونے کا انکشاف

بہاولپور ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن 2 سال سے غیر فعال ہونے کا انکشاف ہوا ہے، جس سے سول ایویشن اتھارٹی کو کروڑوں روپے کا سالانہ نقصان برداشت کرنا پڑ رہا ہے۔تفصیلات کے مطابق بہاولپور ایئرپورٹ پر پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) کی جانب سے فلائٹ آپریشن بند ہے، تاہم سول ایوی ایشن اتھارٹی کو مسلسل کروڑوں روپے کا نقصان ہو رہا ہے۔سامنے آنے والی ایک دستاویز کے مطابق پی آئی اے کی جانب سے بہاولپور کے لیے فلائٹ آپریشن 2 سال سے زائد عرصے سے غیر فعال ہے، بہاولپور سے ملک کے کسی بھی شہر کے لیے پروازیں آپریٹ نہیں ہو رہی ہیں، جس کی وجہ سے بہاولپور کے شہریوں کو سفری سہولیات میں مشکلات کا سامنا ہے۔پی آئی اے سمیت کوئی بھی ایئرلائن بہاولپور سے فلائٹ آپریٹ نہیں کر رہی، جب کہ ایئرپورٹ پر سول ایوی ایشن کے 60 سے زائد ملازمین ڈیوٹی پر مامور ہیں، اور سالانہ 20 کروڑ 50 لاکھ سے زائد اخراجات ہو رہے ہیں۔ذرائع کے مطابق بہاولپور ایئرپورٹ منیجر سمیت دیگر عملہ جن میں برڈ شوٹر بھی شامل ہیں ڈیوٹیوں سے غیر حاضر ہیں، ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ 2023-24 میں افسران کی تنخواہ کی مد میں 17 کروڑ روپے سے زائد مختص کیے گئے ہیں، ایئرپورٹ مینٹننس اور انتظامی امور کی مد میں ساڑھے 3 کروڑ روپے سے زائد مختص کیے گئے۔یاد رہے کہ پی آئی اے بہاولپور سے کراچی، جدہ اور دیگر شہروں کے لیے پروازیں آپریٹ کرتا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں