14

پی آئی اے ڈپٹی اسٹیشن منیجر اقبال جاوید باجوہ کا ایف اے سرٹیفکیٹ جعلی نکلا

برطانیہ میں پی آئی اے کے ڈپٹی اسٹیشن منیجر اقبال جاوید باجوہ کا ایف اے سرٹیفکیٹ جعلی نکلا، جس پر ان سے استعفیٰ لے لیا گیا۔پی آئی اے ذرائع کے مطابق برطانیہ میں پی آئی اے کے ڈپٹی اسٹیشن منیجر اقبال باجوہ نے استعفا دے دیا ہے، لاہور بورڈ سے سرٹیفکیٹ جعلی ثابت ہونے پر اقبال باجوہ کو مستعفی ہونے کو کہا گیا تھا۔جعلی ڈگری پر مستعفی ہونے والے اقبال جاوید باجوہ سابق آرمی چیف قمر جاوید باجوہ کے 5 بھائیوں میں سب سے بڑے ہیں۔ ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ اقبال باجوہ کو 30 جولائی کو پی آئی اے فنانس منیجر برمنگھم کے ذریعے شوکاز نوٹس دیا گیا تھا۔اقبال جاوید باجوہ نے 1977 میں پی آئی اے راولپنڈی آفس میں ملازمت حاصل کی، 1980 کی دہائی کے آخرمیں برطانیہ کی شہریت لی اور فوراً بعد پی آئی اے میں ملازمت برطانوی شہری کی حیثیت سے تبدیل کرا لی۔ ملازمت سے جبری مستعفی ہوتے وقت اقبال باجوہ کی عمر 73 سال سے زائد تھی، تاہم برطانوی قوانین کے تحت کوئی فرد صحت مند ہے تو ملازمت جاری رکھ سکتا ہے۔پی آئی اے ذرائع کے مطابق ڈگری جعلی ثابت ہونے کے باوجود اقبال باجوہ استعفیٰ دینے کے لیے تیار نہیں تھے، ان کے خاندان کے ذریعے دباؤ ڈال کر استعفیٰ دینے پر مجبور کیا گیا، اور جعلی ڈگری کے باوجود اقبال جاوید باجوہ سے زبردست رعایت برتی گئی، استعفیٰ دینے پر اقبال جاوید باجوہ کو پی آئی اے سے مالی فوائد بھی ملے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ جعلی ڈگری پر دیگر پی آئی اے ملازمین کو ملازمت سے برطرف کیا گیا، انتظامیہ نے جعلی ڈگری پر برطرف ملازمین کے خلاف مقدمات بھی درج کرائے، اور برسوں ملازمت کے باوجود انھیں کسی قسم کے واجبات نہیں دیے گئے۔ذرائع کے مطابق سابق آرمی چیف کی ملازمت کے دوران ان کی بھابی عاصمہ طارق باجوہ بھی پی آئی اے ایچ آر ڈپارٹمنٹ کی سربراہ رہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں