17

دوسرا ٹیسٹ، بنگلہ دیش کی آدھی ٹیم 26 رنز پر پویلین لوٹ گئی

پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں آج تیسرے دن کا کھیل شروع ہونے پر بنگلہ دیش نے اپنی پہلی اننگ کا آغاز 10 رنز پر کیا لیکن قومی بولرز نے ان کی بیٹنگ لائن پر تباہی پھیر دی اور ابتدائی ایک گھنٹے کے کھیل میں 26 رنز پر 5 کھلاڑیوں کو پویلین بھیج دیا شادمان اسلام اور ذاکر حسن نے اننگ کا آغاز کیا، تاہم اپنی ٹیم کو بڑا آغاز فراہم کرنے میں ناکام رہے ذاکر حسن ایک رنز بنا کر خرم شہزاد کی گیند پر ابرار احمد کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ فاسٹ بولر نے اپنے اگلے اوور میں پہلے شادمان اسلام کو 10 رنز پر پویلین بھیجا اور پھر کپتان نجم الحسن شنتو کی چار کے انفرادی اسکور پر وکٹیں اڑا دیں مومن الحق صرف ایک رن کے مہمان ثابت ہوئے جب کہ پہلے ٹیسٹ میچ کے ہیرو مشفق الرحمان صرف تین رنز بنا سکے۔ یہ دونوں وکٹیں میر حمزہ نے حاصل کیں اس وقت کریز پر شکیب الحسن (2) رنز کے ساتھ موجود ہیں اور انہیں لٹن داس نے جوائن کیا ہے۔ مہمان ٹیم کو پاکستان کی پہلی اننگ کی برتری ختم کرنے کے لیے 248 رنز درکار ہیں اس سے قبل میچ کا پہلا روز بارش کی نذر ہونے کے باعث دوسرے روز ٹاس جیت کر بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر پہلے پاکستان کو بیٹنگ کرنے کی دعوت دی تھی اور میزبان ٹیم کھیل کے اختتام تک 274 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی پاکستان کی جانب سے کپتان شان مسعود، صائم ایوب اور سلمان علی آغا نے نصف سنچریاں اسکور کیں تاہم کوئی بلے باز لمبی اننگ نہ کھیل سکا۔ بابر اعظم کی ناکامی کا سلسلہ ایک بار پھر دراز ہوگیا اور وہ اپنی اننگ کو 31 رنز سے آگے نہ بڑھا سکے جب کہ محمد رضوان بھی 29 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے پاکستان کی بیٹنگ لائن کو تباہ کرنے میں مہدی حسن میراز کا اہم کردار رہا جنہوں نے 61 رنز دے کر 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ تسکین احمد نے تین وکٹیں حاصل کیں۔ شکیب الحسن اور نہید رانا کے حصے میں ایک، ایک وکٹ آئی دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں بنگلہ دیش کو ایک صفر کی نا قابل شکست برتری حاصل ہے۔ پہلے ٹیسٹ میچ میں مہمان ٹیم نے پاکستان کو ہر شعبے میں آؤٹ کلاس کرتے ہوئے 10 وکٹوں سے تاریخی فتح حاصل کی تھی پاکستان کو سیریز بچانے کے لیے اس میچ میں لازمی فتح درکار ہے۔ بے نتیجہ میچ بھی بنگلہ دیش کو سیریز کا فاتح بنا دے گا جب کہ مہمان ٹیم کی جیت پاکستان کو بنگلہ دیش سے ہوم گراؤنڈ پر وائٹ واش کی ہزیمت سے دوچار کر سکتی ہے واضح رہے کہ پاک، بنگلہ دیش ٹیسٹ سیریز آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ ہے اور پہلے میچ میں شکست کے بعد پاکستان ٹیم پوائنٹ ٹیبل پر 8 ویں رینکنگ پر چلی گئی ہے دوسرے ٹیسٹ میچ کے لیے پاکستان ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ شاہین شاہ آفریدی کی جگہ میر حمزہ کو شامل کیا گیا ہے جب کہ اسپنر ابرار احمد بھی فائنل الیون کا حصہ ہیں

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں