سندھ میں سیلابی صورتحال: حفاظتی اقدامات سے متعلق سندھ ہائی کورٹ نے صوبائی حکومت سے تفصیلی جواب طلب کرلیا

سندھ ہائی کورٹ نے ممکنہ بارشوں کے باعث سیلابی صورتحال اور حفاظتی اقدامات سے متعلق درخواست پر سندھ حکومت و دیگر سے 4 ہفتوں میں تفصیلی جواب طلب کرلیا۔ سندھ ہائی کورٹ میں ممکنہ بارشوں سیلابی صورتحال اور حفاظتی اقدامات سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی
دوران سماعت درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ اس سال بھی مختلف اداروں کی جانب سے معمول سے زیادہ بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے، اس حوالے سے متعلق اداروں کو انتظامات کرنے کی ضرورت ہے۔ درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ حکومت کی ناقص حکمت عملی کے باعث 2010 اور 2022 میں سیلابی صورتحال کی وجہ سے عوام کو شدید مشکلات پیش آئی وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں سے بارشوں اور سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے انتظامات کی رپورٹ طلب کی جائے۔ سندھ حکومت کی جانب سے جواب جمع کرانے کے لیے مہلت طلب کی گئی، عدالت نے سندھ حکومت و دیگر سے 4 ہفتوں میں تفصیلی جواب طلب کرلیا۔