وزیراعظم شہباز شریف اور صدر آصف علی زرداری سمیت عالمی رہنماؤں کی ڈونلڈ ٹرمپ پر حملےکی مذمت

وزیراعظم محمد شہباز شریف اور صدر مملکت آصف علی زرداری نے سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر انتخابی ریلی کے دوران حملے کی شدید مذمت اور گہرے افسوس کا اظہار کیا ہے پی ایم ہاؤس سے جاری بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ سیاسی عمل میں ہر قسم کا تشدد قابل مذمت ہے، اس مشکل وقت میں ہماری ہمدردیاں اور نیک خواہشات ڈونلڈ ٹرمپ کے خاندان کے ساتھ ہیں۔ وزیراعظم نے سابق امریکی صدر کی جلد صحت یابی کی دعاء کی جبکہ حملے میں زخمی ہونے والے دیگر افراد کی جلد صحت یابی کے لیے بھی دعاء کی۔ صدر مملکت نے کہا کہ سابق امریکی صدر پر حملے کا سن کر گہرا صدمہ پہنچا، سیاست میں تشدد کی کوئی جگہ نہیں۔ انہوں نے ڈونلڈ ٹرمپ کی جلد صحتیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا دوسری جانب ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ پیش آئے واقعے پر عالمی رہنماؤں نے بھی ردعمل دیا ہے۔ برطانوی وزیراعظم سر کئیر اسٹارمر، جاپانی وزیراعظم فومیو کیشیدا اور یورپی یونین خارجہ پالیسی کے سربراہ جوزف بوریل نے بھی ہر قسم کے سیاسی تشدد کی سخت الفاظ میں مذمت کی۔ جاپانی وزیراعظم فومیو کیشیدا اور اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے بھی ٹرمپ کی حفاظت اور صحت یابی کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا واضح رہے کہ امریکی ریاست پنسلوانیا کے علاقے بٹلر میں سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ انتخابی ریلی کے دوران فائرنگ سے زخمی ہوگئے جبکہ مبینہ حملہ آور کو بھی ہلاک کر دیا گیا۔ ری پبلکن رہنما ڈونلڈ ٹرمپ انتخابی ریلی سے خطاب کر رہے تھے جہاں انہیں اپنے نائب صدر کے لیے امیدوار کا اعلان کرنا تھا۔