سابق وزیر اعظم اور بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی عدت نکاح کیس میں سزا معطلی کی درخواست مسترد کردی گئی ۔ تفصیلات کے مطابق بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کیخلاف عدت نکاح کیس میں سزا معطلی کی درخواستوں پر عدالت نے 25 جون کو فیصلہ محفوظ کیا تھا ایڈیشنل ڈسٹرکٹ سیشن جج افضل مجوکا نے عدت میں نکاح کیس میں سزا کے خلاف اپیلوں پر محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کی سزا معطلی کی اپیلیں مسترد کر دیں۔ ایڈیشنل سیشن جج افضل مجوکا نے 10 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کردیا ، تفصیلی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ سزا معطلی کی دونوں اپیلیں مسترد کی جاتی ہیں، مجرمان دفعہ 426 کے تحت قابلِ ضمانت جرم میں ضمانت کے دعویدار نہیں ہوسکتے۔ تفصیلی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ قانون کے تحت خاتون مجرم بھی ضمانت کی دعویدار نہیں ہوسکتی تحریری فیصلے میں مزید کہا گیا ہے کہ سزا معطلی یا ضمانت پر رہائی کی درخواستوں پر سماعت کے دوران مقدمے کے میرٹس پر بات نہیں کی جا سکتی، دونوں ملزمان کو دی گئی سزا نہ تو قلیل مدتی ہے، نہ ہی وہ سزا کا زیادہ حصہ بھگت چکے ہیں۔ بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی نے دوران عدت نکاح کیس میں سزا معطلی کی اپیلیں دائر کی تھیں۔