سانحہ 9مئی:شاہ محمود قریشی کو دہشتگردی سمیت 7 مقدمات میں قصوروار قرار دے دیا گیا

سانحہ نو مئی، دہشت گردی سمیت سات مقدمات کی تفتیش میں جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم نےپی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی کو قصوروار قرار دیدیا پولیس ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی کو جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم نے متضاد بیانات اور شواہد کی بناء پر قصوروار قرار دے دیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق 9 مئی کے واقعات پر شاہ محمود قریشی سوالات کا تسلی بخش جواب نہ دے سکے ، جلاؤ گھیراؤ اور پر تشدد واقعات میں شاہ محمود قریشی کا عمل دخل ڈیجیٹل شواہد میں بھی ثابت ہوا پولیس ذرائع کاکہنا ہے کہ مشترکہ تحقیقاتی ٹیم نے اڈیالہ جیل میں شاہ محمود قریشی سے تفتیش کی ، ساتوں مقدمات میں گناہ گار قرار دے کر چالان عدالت میں جمع کروادیا گیا۔ پولیس ذرائع کاکہنا ہے کہ جے آئی ٹی شاہ محمود قریشی کا بیان ریکارڈ کرنے تین بار جیل گئی یاد رہے کہ گزشتہ برس 9 مئی کو القادر ٹرسٹ کیس میں عمران خان کی اسلام آباد ہائی کورٹ کے احاطے سے گرفتاری کے بعد پی ٹی آئی کی طرف سے ملک گیر احتجاج کیا گیا تھا جس کے دوران لاہور کے علاقے ماڈل ٹاؤن میں 9 مئی کو مسلم لیگ (ن) کے دفتر کو جلانے کے علاوہ فوجی، سول اور نجی تنصیبات کو نذر آتش کیا گیا، سرکاری و نجی املاک کو شدید نقصان پہنچایا گیا تھا جب کہ اس دوران کم از کم 8 افراد ہلاک اور 290 زخمی ہوئے تھے۔