14

شیر افضل مروت نے متنازع بیان دیا، کئی مرتبہ سمجھایا پارٹی پالیسی کی خلاف ورزی نہ کرے:عمران خان

سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ سعودی وفد کے دورہ کے موقع پر شیر افضل مروت نے متنازع بیان دیا۔ اڈیالہ جیل راولپنڈی میں شیر افضل مروت سے متعلق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ شیر افضل مروت نے پارٹی کے لیے زبردست کام کیا مگر سیاسی جماعت میں دائرے کے اندر رہ کر کام کرنا ہوتا ہے، شیر افضل مروت کو کئی مرتبہ سمجھایا پارٹی پالیسی کی خلاف ورزی نہ کرے بانی پاکستان تحریک انصاف نے کہا کہ شیر افضل مروت ہر دوسرے دن کسی نہ کسی پارٹی لیڈر پر چڑھائی کر دیتا تھا، شیر افضل کو سمجھایا کہ جنگ باہر والوں سے ہوتی ہے پارٹی میں لڑائی نہیں ہوتی۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ سعودی وفد کے دورہ کے موقع پر شیر افضل مروت نے متنازع بیان دیا جبکہ محمد بن سلمان نے میرے کہنے پر 2 مرتبہ اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کانفرنس کروائی تھی عمران خان نے بتایا کہ شیر افضل مروت نے پارٹی کے لیے بہت کام کیا لیکن ان کو پارٹی پالیسی کی بار بار خلاف ورزی نہیں کرنی چاہیے، شیر افضل مروت اب بھی پارٹی پالیسی کے مطابق چلیں تو کوئی مسئلہ نہیں ہے، ان کو نوٹس جاری کیا ہے جواب دیں گے تو ٹھیک ہے، کوئی پارٹی ڈسپلن میں رہے تو ٹھیک، خلاف ورزی کرے تو پورس کا ہاتھی بن جاتا ہے۔ عمران خان صحافی کے شیر افضل مروت کو ملاقات کے لیے بلوانے سے متعلق سوال کا جواب دیے بغیر ہی روانہ ہوگئے واضح رہے کہ آج اڈیالہ جیل راولپنڈی میں بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف 190 ملین پاؤنڈز ریفرنس کی سماعت میں 3 گواہان کے بیانات ریکارڈ، 2 پر جرح مکمل کرلی گئی۔ احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے اڈیالہ جیل راولپنڈی میں 190 ملین پاؤنڈز ریفرنس کی سماعت کی، بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو احتساب عدالت کے روبرو پیش کیا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں