نئی حکومت کا اگلے 15 روز کیلیے پیٹرول کی قیمت برقرار رکھنے کا اعلان، ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں کمی

نئی حکومت نے آئندہ 15 روز کے لیے پیٹرول کی قیمت برقرار رکھنے کا اعلان کیا ہے جبکہ ڈیزل کی قیمت میں ایک روپے 77 پیسے کی کمی کی گئی ہے۔ وزارت خزانہ سے جاری اعلامیے کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے منظوری کے بعد حکومت نے پیٹرول کی قیمت برقرار رکھنے اور ڈیزل کی قیمت میں کمی کا اعلان کردیاحکومت نے آئندہ 15 روز کے لیے پیٹرول کی قیمت میں ردوبدل نہ کرنے کا فیصلہ کیا، اس طرح پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 279روپے75پیسے برقرار رہے گی۔ اعلامیے کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں ایک روپے 77 پیسے کی کمی کی گئی ہے جس کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 285 روپے 56 پیسے مقرر کردی گئی ہے۔ پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق رات 12 بجے سے ہو گیا ہے باخبر حکام نے بتایا تھا کہ پیٹرول کی درآمد پر پریمیم فروری کے 10.45 ڈالر فی بیرل کے مقابلے میں بڑھ کر 12.15 ڈالر ہو گیا تاہم شرح تبادلہ اور عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں ایک رینج میں موجود ہیں، جبکہ ڈیزل کی درآمد پر پریمیم 6.50 ڈالر فی بیرل پر برقرار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس کے نتیجے میں حکومت شرح تبادلہ اور ان لینڈ فریٹ ایکوئیلائزیشن مارجن (آئی ایف ای ایم) کی ایڈجسٹمنٹ کے ذریعے دونوں مصنوعات کی قیمتوں کو برقرار رکھ سکتی ہے، اسی طرح مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل کی قیمتوں میں بھی ردوبدل کا امکان نہیں ہے واضح رہے کہ نئی حکومت کی جانب سے پہلی مرتبہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا اعلان کیا گیا جہاں سابقہ نگران حکومت نے جاتے جاتے عوام پر پیٹرول بم گراتے ہوئے پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 4 روپے 13 پیسے کا اضافہ کردیا تھا۔