میلبرن ٹیسٹ میں بارش کی مداخلت، میچ رُک گیا

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں پر مشتمل بینو قادر ٹرافی سیریز کا دوسرا میچ میلبرن میں کھیلا جا رہا ہے۔ باکسنگ ڈے ٹیسٹ میں قومی کپتان شان مسعود نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ آسٹریلیا نے دو وکٹوں کے نقصان پر 114 رنز بنا لیے تھے کہ دوسرے سیشن میں بارش میدان میں کود پڑی جس کے باعث میچ کو روک دیا گیا ہے آسٹریلیا کی جانب سے اننگ کا آغاز ڈیوڈ وارنر اور عثمان خواجہ نے کیا اور ٹیم کے لیے 90 رنز کی اوپننگ پارٹنر شپ قائم کی۔ اس موقع پر آغا سلمان نے ڈیوڈ وارنر کو بابر اعظم کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرا کے شاہینوں کو پہلی کامیابی دلائی آسٹریلیا کے مجموعی اسکور میں 18 رنز کا اضافہ ہونے کے بعد دوسرے اوپنر عثمان خواجہ بھی پویلین لوٹ گئے۔ انہیں حسن علی نے میدان بدر کیا پرتھ کی طرح میلبرن میں بھی قومی ٹیم کی جانب سے ناقص فیلڈنگ کا مظاہرہ جاری ہے۔ شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر عبداللہ شفیق نے وارنر کا آسان کیچ ڈراپ کر دیا اس وقت کریز پر مارنس لبوشن 14 اور اسٹیو اسمتھ 2 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں جب کہ بارش کے باعث پچ کو کورز سے ڈھانپ دیا گیا ہے میلبرن میں کھیلے جا رہے ٹیسٹ میچ میں قومی ٹیم میں محمد رضوان، حسن علی اور میر حمزہ کو شامل کیا گیا ہے میلبرن کرکٹ اسٹیڈیم میں آسٹریلیا کا پاکستان کے خلاف پلڑا بھاری ہے۔ دونوں ٹیموں نے اس میدان میں 10 ٹیسٹ میچز کھیلے ہیں جن میں سے میزبان نے 6 اور قومی ٹیم نے دو میں کامیابی حاصل کی ہے جب کہ دو میچز ڈرا رہے واضح رہے کہ آسٹریلیا نے پاکستان کو پرتھ ٹیسٹ میں 360 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دی تھی اور میزبان ٹیم کو سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔ یہ ٹیسٹ سیریز آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ 2025 سائیکل کا حصہ ہے۔