لاہور سے تعلق رکھنے والے احمد اور انعم عذیر نے دنیا کی آٹھویں بلند ترین چوٹی مناسلو سر کر لی، احمد اور انعم عذیر دنیا کی آٹھویں بلند چوٹی سر کرنے والا پہلا پاکستانی جوڑا بن گئے ہیں ۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ (ایکس ) پر سیون سمٹ ٹریک کی جانب سے ایک پوسٹ میں شیئر کیا گیا کہ احمد اور انعم نے آج صبح (24 ستمبرکو) 8 ہزار 163 میٹر دنیا کی آٹھویں بلند چوٹی مناسلو سر کر لی ہے۔ ٹوئٹ میں جوڑے کو مبارک دیتے ہوئے لکھا گیا کہ احمد اور انعم عذیر پہلے پاکستانی میاں بیوی ہیں جنہوں نے ایک ساتھ 8 ہزار سے زائد بلند چوٹی سر کی ہے نوجوان پاکستانی کوہ پیما شہروز کاشف نے جوڑے کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ احمد اور انعم آپ دونوں نے کر دکھایا، یہ واقعی ایک شاندار کامیابی ہے۔ انعم اور احمد کو نوجوان کوہ پیما شہروز کاشف اپنے ساتھ نیپال لائے تھے، احمد پیشے کے اعتبار سے وکیل اور ان کی اہلیہ انعم فارنزک سائنٹسٹ ہیں ۔ احمد اور انعم کے علاوہ دیگر تین نیپالی کوہ پیماؤں نے بھی مناسلو چوٹی سر کرلی ہے قبل ازیں پاکستانی کوہ پیما نائلہ کیانی نے بھی دنیا کی آٹھویں بلند چوٹی سر کرلی ہے اور وہ پہلی پاکستانی خاتون ہیں جنہوں نے یہ کارنامہ سرانجام دیا ہے۔ نائلہ کیانی کے ہمراہ ایک اور پاکستانی کوہ پیما سرباز خان نے بھی اضافی آکسیجن کے بغیر ماؤنٹ مناسلو سر کیا تھا جبکہ شہروز کاشف نے بھی دوسری مرتبہ ماؤنٹ مناسلو سرکرکے ایک اور ریکارڈ اپنے نام کیا ۔ پاکستان کے ساجد سدپارہ نے گزشتہ سال مناسلو کے حقیقی سمٹ کو سر کیا تھا۔
100