جیل میں قید پی ٹی آئی کی خواتین کی مشکلات کم نہ ہو سکیں،خدیجہ شاہ سمیت دیگر کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14 روز کی توسیع کر دی گئی۔تفصیلات کے مطابق انسداد دہشت گردی عدالت میں جناح ہاؤس حملہ ،جلاؤ گھراؤ کیس پر سماعت ہوئی۔خدیجہ شاہ ،عالیہ حمزہ ،صنم جاوید ودیگر خواتین ملزمان کو عدالت میں پیش کیا گیا خواتین ملزمہ کو جوڈیشل ریمانڈ کی معیاد مکمل ہونے پر عدالت میں پیش کیا گیا۔ انسداد دہشت گردی عدالت کی ایڈمن جج عبہر گل خان نے کیس کی سماعت کی۔عدالت نے خدیجہ شاہ سمیت دیگر کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14 روز کی توسیع کر دی۔عدالت نے خدیجہ شاہ ودیگر خواتین کو 20 جولائی کو دوبارہ پیش کرنیکا حکم دیا۔عدالت نے پولیس کو مقدمے کا چالان جمع کرانے کا حکم دے دیا جب کہ دو روز قبل لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے سابق وزیر خزانہ ڈاکٹر سلمان شاہ کی بیٹی خدیجہ شاہ کی درخواست ضمانت پر متعلقہ حکام کو نوٹس جاری کرتے ہوئے تحریری جواب طلب کرلیا، وکیل نے موقف اپنایا کہ انسداد دہشت گردی عدالت نے حقائق کے برعکس خدیجہ شاہ کی ضمانت مسترد کی،خدیجہ شاہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل میں ہیں، مزید تفتیش کی ضرورت نہیں، خدیجہ شاہ کا سب سے چھوٹا بیٹا پانچ برس کاہے اور اسے ماں کی نگہداشت کی ضرورت ہے، وکیل نے خدیجہ شاہ کی میڈیکل رپورٹس کا بھی حوالہ دیتے ہوئے استدعا کی کہ خدیجہ شاہ کی ضمانت منظور کرکے انہیں رہا کرنے کا حکم دیا جائے واضح رہے کہ عدالت نے پولیس کے خدیجہ شاہ کے مقدمہ کا چالان عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے رکھا ہے، ملزمہ پر شر پسندوں کو 9مئی کو عسکری ٹاور میں توڑ پھوڑ کرنے کی ہدایات جاری کرنے کا الزام عائد ہے
70