پاک سوزوکی نے کار اور موٹرسائیکل پلانٹ کی بندش میں توسیع کرنے کا اعلان کر دیا۔ مذکورہ گاڑی ساز کمپنی کی رواں مالی سال کے ابتدائی 11 ماہ میں گاڑیوں کی فروخت گزشتہ سال کی اسی مدت کے دوران فروخت کے برعکس 54 فیصد کم رہی۔ کمپنی نے مئی 2023 میں 2 ہزار 958 گاڑیاں جبکہ اپریل 2023 میں ایک ہزار 474 گاڑیوں فروخت کیں۔پاک سوزوکی موٹر کمپنی لمیٹڈ نے موٹرسائیکل اور کار تیار کرنے والے اپنے پلانٹس کی بندش میں 15 جولائی تک توسیع کر دی، جس کی وجہ پارٹس کی مستقل قلت بتائی ہے۔ نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق کمپنی نے 19 جون کو اسٹاک فائلنگ میں بتایا تھا کہ موٹر سائیکل اور کار کے پلانٹس 22 جون سے 8 جولائی تک بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ کمپنی نے کہا تھا کہ وہ پرزہ جات اور انوینٹری کی کمی کی وجہ سے پیداوار کا سلسلہ معطل کر رہی ہے کیونکہ مکمل طور پر تیار شدہ کٹس کی درآمد کے لیے مئی 2022 میں اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے پیشگی منظوری لینے کے لیے متعارف کروائے گئے طریقہ کار نے کنسائنمنٹس کی کلیئرنس کو بُری طرح متاثر کیا ہے جس کے نتیجے میں انوینٹری میں کمی آگئی۔یاد رہے کہ اس سے قبل بھی پاک سوزوکی نے اپنا فور وہیلر پلانٹ اگست 2022 سے 19 جون تک 75 روز سے زائد عرصے تک بند رکھا تھا۔
82