لاہور : چوہدری پرویز الٰہی کو ایک بار پھر حراست میں لے لیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ایف آئی اے نے سابق وزیراعلٰی پنجاب اور صدر پی ٹی آئی چوہدری پرویز الٰہی کو دوبارہ حراست میں لے لیا ہے،ایف آئی اے ٹیم سابق وزیراعلٰی کو جیل سے گرفتار کر کے لے گئی،ایف آئی اے ٹیم پرویز الٰہی کو بکتر بند گاڑی میں جیل سے لیکر روانہ ہوئی ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ ایف آئی اے اینٹی منی لانڈرنگ ٹیم نے کارروائی کر کے پرویز الٰہی کے فرنٹ مین اور گین مین محمد زمان کو بھی گرفتار کر لیا۔ یاد رہے کہ اس سے قبل ایف آئی اے منی لانڈرنگ مقدمے میں اسپیشل سینٹرل عدالت لاہور نے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی کی ضمانت منظور کی تھی،اسپیشل کورٹ سینٹرل نے چوہدری پرویز الہیٰ کی درخواستِ ضمانت پر محفوظ فیصلہ سنایا تھاعدالت نے چوہدری پرویز الہیٰ کی ضمانت منظور کرتے ہوئے 10 ہزار کے ضمانتی مچلکے جمع کروانے کا حکم دیا۔ عدالت نے سابق وزیر چوہدری پرویز الہیٰ کو رہا کرنے کا حکم دیا۔جب کہ لاہور ہائیکورٹ نے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الہیٰ کیخلاف درج مقدمات کی تفصیلات کی فراہمی کی درخواست پر آئی جی پنجاب، ڈی جی ایف آئی اے، ڈی جی اینٹی کرپشن سے26 جون کو جواب طلب کیا تھا لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس امجد رفیق نے کیس کی سماعت کی۔ پرویز الہیٰ کے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ پرویز الہی کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔ ایک مقدمہ میں ضمانت ہوتی ہے تو کسی اور مقدمہ میں گرفتار کر لیا جاتا ہے۔ انہوں نے درخواست گزار کو ایف آئی آرز کی کاپیاں بھی فراہم نہیں کی جاتیں،درخواست گزار کو معلوم نہیں کہ اس کے خلاف کہاں کہاں مقدمات درج کیے گئے؟استدعا ہے کہ پرویز الہی کیخلاف مقدمات کی تفصیلات طلب کی جائیں