81

پاک سوزوکی کا موٹرسائیکل اور گاڑیوں کی پیداوار بند کرنے کا اعلان

لاہور : پاک سوزوکی کا موٹرسائیکل اور گاڑیوں کی پیداوار بند کرنے کا اعلان، خام مال ختم ہو جانے کے باعث آٹو کمپنی اپنا پلانٹ 8 جولائی تک بند رکھے گی، پلانٹ کی مزید بندش یا اس فعال کرنے کا فیصلہ اگلے ماہ کیا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق ملک کے بدترین معاشی بحران کی وجہ سے ملک میں ایک کے بعد ایک بڑی کمپنی اپنی پیداوار بند کرنے پر مجبور ہے۔پاکستان میں دہائیوں سے آپریٹ کرنے والی بڑی ملٹی نیشنل آٹو کمپنی سوزوکی بھی ملک کے موجودہ بدترین معاشی بحران کی زد میں آ گئی ہے۔ اے آر وائی نیوز کے مطابق سوزوکی پاکستان نے ناصرف موٹرسائیکلوں بلکہ گاڑیوں کے پلانٹ کو بھی بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔ خام مال کی کمی کی وجہ سے سوزوکی کا موٹرسائیکل پلانٹ پہلے ہی بند تھا، جبکہ اب گاڑیوں کا پلانٹ بھی بند کر دیا گیا ہے۔کمپنی کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا ہے کہ خام مال ختم ہو جانے کے بعد پیدواری پلانٹ بند کرنے پر مجبور ہیں، حکومتی پابندیوں کی وجہ سے خام مال کی بدترین قلت کا سامنا ہے، اس لیے کمپنی کا موٹرسائیکل اور گاڑیاں بنانے والا پلانٹ 22 جون سے 8 جولائی تک بند رہے گا۔ سوزوکی نے پلانٹ کی بندش کے فیصلے سے متعلق اسٹاک ایکسچینج کو بھی آگاہ کر دیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق سوزوکی پاکستان اپنے آٹو پلانٹ کی بندش میں مزید توسیع یا پلانٹ کو فعال کرنے سے متعلق فیصلہ اگلے ماہ کرے گی۔ جبکہ سوزوکی پاکستان کے پلانٹ کی بندش کا معاملہ پبلک اکاونٹس کمیٹی میں بھی پہنچ گیا۔ سینیٹر سلیم مانڈوی والا کی زیر صدارت پی اے سی کی ذیلی کمیٹی اجلاس میں پاک سوزوکی بندش پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔ یہاں یہ واضح رہے کہ کچھ روز قبل ہی معروف بین الاقوامی پٹرولیم کمپنی شیل بھی پاکستان کی مارکیٹ کو خیرباد کہنے کا اعلان کر چکی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں