سعودی عرب میں مکہ مکرمہ پولیس نے فرضی حج پیکیج اور جعلی حج کڑے فروخت کرنے والے تین غیر ملکی شہریوں کو گرفتار کیا ہے جن کا تعلق مصر سے ہے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق حج سیزن شروع ہوتے ہی سعودی عرب میں بھی دھوکے باز گروہ سرگرم ہوگیا اور اس نے حج پیکیج کے نام پر فرضی حج پیکیج فروخت کرکے سادہ لوح عوام کو لوٹنا شروع کر دیا ہے۔مکہ مکرمہ پولیس نے ایسے ہی ایک گروہ کے تین غیر ملکی اراکین کو گرفتار کیا ہے جو فرضی حج پیکیج اور جعلی حج کڑے فروخت کر رہے تھے۔ گرفتار ملزمان کا تعلق مصر سے ہے۔رپورٹ ک مطابق تینوں ملزمان وزٹ ویزے پر سعودی عرب آئے ہوئے تھے اور سوشل میڈیا کے ذریعے ہوٹل بکنگ کی مارکیٹنگ بھی کر رہے تھے۔پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضے سے نقدی بھی برآمد ہوئی ہے جب کہ انہیں ابتدائی قانونی کارروائی کے بعد انہیں پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کر دیا گیا۔مکہ پولیس نے مقامی شہریوں سمیت سعودی عرب میں مقیم تمام غیر ملکیوں سے اپیل کی کہ وہ حج قوانین و ضوابط کی پابندی کرتے رہیں اور سستے فرضی حج پیکیج کے جھانسے میں نہ آئیں۔
