96

دہشت گردی کا مقدمہ،اسلام آباد پولیس نےعلی افضل ساہی کو گرفتار کر لیا

اسلام آباد : تھانہ گولڑہ میں دہشت گردی کا مقدمہ،علی افضل ساہی کو گرفتار کر لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق سابق صوبائی وزیر علی افضل ساہی کو اسلام آباد پولیس نے گرفتار کر لیا ہے،علی افضل ساہی کو پیشی کے موقع پر جوڈیشل کمپلیکس کے باہر سے دیگر مقدمات میں درج کیا گیا۔ سابق صوبائی وزیر کے وکیل بیرسٹر قاسم عباسی کے مطابق اسلام آباد کی عدالت نے علی افضل ساہی کی تھانہ گولڑہ میں درج مقدمے میں 3 جولائی تک عبوری ضمانت میں توسیع کی،پیشی کے بعد جوڈیشل کمپلیکس سے واپسی پر علی افضل ساہی کو گرفتار کیا گیا۔یاد رہے کہ اس سے قبل انسداد دہشتگردی عدالت اسلام آباد نے سابق وزیر اعظم عمران خان کی پیشی کے موقع پر تھانہ گولڑہ دہشتگردی ایکٹ کے تحت درج مقدمے میں سابق صوبائی وزیر علی افضل ساہی کی عبوری ضمانت میں 13 جون تک توسیع کی تھی۔انسداد دہشتگردی عدالت کے جج راجہ جواد عباس حسن نے کیس کی سماعت کی،ملزم علی افضل ساہی کے وکیل بیرسٹر قاسم عباسی عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔دوران سماعت بیرسٹر قاسم عباسی نے دلائل دئیے کہ وقوعہ کے وقت ملزم علی افضل ساہی اسی معزز عدالت میں موجود تھا،پولیس کی جانب سے سیاسی اور بدنیتی پر مبنی مقدمہ درج کیا گیا۔ پولیس ثابت کر دے کہ وقوعہ کے وقت ملزم عدالت کے اندر موجود نہیں تو ملزم کو ابھی پولیس کی حراست میں دے دوں گا۔ عدالت نے استفسار کیا کہ کیا آپ لوگوں نے جوڈیشل کمپلیکس میں لگے سی سی ٹی وی کیمرے دیکھے ہیں،عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دئیے کہ ابھی تک آپ لوگوں نے سی سی ٹی وی کیمرے کی فوٹیج تک نہیں دیکھی۔ بیرسٹر قاسم عباسی نے کہا کہ میرا ملزم کسی پرتشدد کارروائی میں ملوث نہیں اور ایسے واقعات کی مخالفت کرتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں