51

سمندری طوفان بائپر جوائے کی شدت برقرار طوفان کراچی کے ساحل سے 600 کلومیٹر اور ٹھٹھہ کے جنوب میں 580 کلو میٹر کے فاصلے پر ہے،محکمہ موسمیات

کراچی ؛ سمندری طوفان بائپر جوائے کی شدت برقرار ہے،طوفان کراچی کے ساحل سے 600 کلومیٹر کے فاصلے پر موجود ہے۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ سمندری طوفان اس وقت بحیرہ عرب کے مشرقی وسط میں موجود ہے،طوفان ٹھٹھہ کے جنوب میں 580 کلو میٹر کے فاصلے پر ہے۔ سمندری طوفان شمال کی طرف گامزن ہے جبکہ طوفان 14 جون کو رخ تبدیل کر کے شمال مشرق کی سمت کی طرف مڑے گا۔طوفان 15 جون کو کیٹی بندر تا گجرات کے درمیان کسی جگہ ٹکرائے گا۔ ڈی جی میٹ سردار سرفراز نے بتایا کہ طوفان کے ارد گرد ہوائیں 180 سے 200 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں،مشرق اور جنوب مشرق سے ہواؤں کا رخ کراچی میں رہے گا۔ انکا کہنا تھا کہ ہیٹ ویو کا خطرہ نہیں،کراچی میں درجہ حرارت میں اضافہ ہو سکتا ہے۔جبکہ سمندری طوفان کے پیش نظر سی ویو جانے والے راستے بند کر دئیے گئے،کلفٹن تا سی ویو روڈ تک پولیس کی نفری تعینات کر دی گئی۔یاد رہے کہ شہریوں کی حفاظت کے پیش نظر کراچی کی ضلع انتظامیہ نے الرٹ جاری کرتے ہوئے ساحل سمندر پر دفعہ 144 نافذ کر دی ۔ ڈپٹی کمشنر سجاول نے کہا کہ ماہی گیر کھلے سمندر میں شکار کے لیے گریز کریں کیوں کہ سمندر کی صورتحال انتہائی خطرناک ہے اور اونچی لہریں پیدا ہونے کا خدشہ ہے جب کہ سمندر میں موجود ماہی گیروں کو محفوظ مقام پر جانے کی ہدایت کردی گئی۔سمندری طوفان بدھ یا جمعرات تک سندھ اور مکران کے ساحلوں سے ٹکرا جائے گا جس سے ساحلی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، طوفان کے باعث ڈیڑھ سو کلو میٹر رفتار کی ہوائیں چلیں گی، جس کی وجہ سے کمزور تعمیرات کو نقصان کا خدشہ ہے۔ بحیرہ عرب میں سمندری طوفان کے حوالے سے بھارتی محکمہ موسمیات نے آئندہ 6 گھنٹے اہم قرار دیتے ہوئے ساحلی ریاستوں میں الرٹ جاری کر دیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں