قازخستان کی ایس سی اے ٹی ایئر کمپنی کی الماتے سے لاہور کے لیےپہلی پرواز 8 جولائی 2023 کو پاکستان میں لینڈ کرے گی۔پاکستان میں قازخستان کے سفارت خانے نے ایک پریس ریلیز میں کہا ہے کہ یہ پروازیں ہفتے میں دو بار بدھ اور ہفتہ کو آپریٹ کریں گی۔ مسافر اس نئے اور دلچسپ راستے کے لیے ٹکٹ خرید سکتے ہیں۔لاہور پاکستان کے ثقافتی مرکز کے طور پر مشہور ہےاور یہ سیاحوں کے لیے ایک دلچسپ تجربہ پیش کرتا ہے۔یہ شہر شاندار فن تعمیر کا حامل ہے، جس میں لاہور کا قلعہ ایک نمایاں توجہ کا مرکز ہے۔ پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ شاہی قلعہ ایک وسیع کمپلیکس ہے ، جومحل کے ڈھانچے، باغات اور نمائشی ہالوں سے بھرا ہوا ہے۔ زائرین کو بادشاہی مسجد ،ایچی سن کالج کے علاوہ دیگر سیاحتی مقامات کی سیر کا بھی موقع ملے گا۔ ان براہ راست پروازوں کا آغاز الماتے اور لاہور کے درمیان سفر میں سہولت فراہم کرے گا، جس سے مسافر لاہور کی ثقافتی دولت اور تعمیراتی عجائبات کا بآسانی تجربہ کر سکیں گے۔
