جناح ہاؤس حملے میں ملوث ایک اور شر پسند کی شناخت ہو گئی۔ تفصیلات کے مطابق 9 مئی واقعات اور لاہور کے جناح ہاؤس پر دھاوا بولنے والے شرپسندوں کی گرفتاریوں کا سلسلہ جاری ہے۔ جناح ہاؤس حملے میں ملوث ایک اور شرپسند کی شناخت ہو گئی ہے،لاہور کا رہائشی عاشق خان تحریک انصاف کا فعال کارکن ہے۔ ملزم کا اعترافی بیان بھی سامنے آ گیا۔شرپسند نے پی ٹی آئی قیادت میں جناح ہاؤس پر حملے پر اکسایا۔ ملزم نے اعتراف کیا کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی گرفتاری پر جناح ہاؤس حملہ پہلے سے طے تھا،حملہ کرنے کی ہدایت ہمیں زمان پارک سے پہلے سے ملتی رہی۔ ملزم نے مزید بتایا کہ پارٹی قیادت کی جانب سے فوج کیخلاف ہماری ذہن سازی کی جاتی رہی،ہمارے ذہن میں نفرت کو ابھارا گیا،یہی سوچ ہمیں جناح ہاؤس کی حدود میں لے گئی اور ہم اس پر حملہ آور ہو گئے۔یاد رہے کہ 9 مئی کے واقعات میں ملوث مزید 1163 شر پسندوں کا ڈیٹا بیس مل گیا ہے، نگران وزیراعلٰی پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت اجلاس میں 9 مئی کے واقعات میں ملوث شرپسندوں کیخلاف قانونی کارروائیوں کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں شرکاء کو بتایا گیا کہ سانحہ 9 مئی کے واقعات میں ملوث مزید 1163 شرپسندوں کا ڈیٹا بیس مل گیا اور سائنٹیفک انداز سے 1163 شر پسندوں کی شناخت کا عمل شروع کر دیا گیا۔نگران وزیراعلٰی پنجاب نے مفرور شر پسندوں کی جلد گرفتاری یقینی بنانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ تمام وسائل بروئے کار لا کر مفرور شر پسندوں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے،آخری شر پسند کی گرفتاری تک ان کا تعاقب جاری رکھا جائے۔ جبکہ 9 مئی کو جناح ہاؤس حملے میں ملوث ایک اور شرپسند کی شناخت ہو گئی،شرپسند ارضم جنید لاہور کا رہائشی اور پی ٹی آئی کا متحرک کارکن نکلا،جس نے لوگوں کو فوجی تنصیبات پر حملے کیلئے اکسایا۔
