42

ہاشم ڈوگر کا ڈیمو کریٹس گروپ ختم کرنے کا اعلان

لاہور : ہاشم ڈوگر نے ڈیمو کریٹس گروپ ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق سابق وزیر داخلہ پنجاب کرنل (ر) ہاشم ڈوگر نے سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ پنجاب میں ڈیمو کریٹس گروپ ختم ہو چکا ہے،سب دوست اپنی مرضی سے مستقبل کا فیصلہ کریں۔ سابق رہنما پی ٹی آئی نے واضح کرتے ہوئے کہا کہ میں کسی جماعت میں شامل نہیں ہو رہا اور آخری وقت تک پی ڈی ایم کے خلاف ہی سیاست کروں گا۔یاد رہے کہ تحریک انصاف کو خیرباد کہنے والے ارکان پر مشتمل ایک گروپ بنایا گیا تھا،ہاشم ڈوگر اور مراد راس گروپ کو 3 ارکان نے خیر باد کہہ دیا جس کے بعد گروپ ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو گیا تھا۔ سابق اراکین اسمبلی راجہ یاور کمال،مامون تارڑ اور رائے اسلم نے جہانگیر ترین سے ملاقات میں ان پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے ہاشم ڈوگر اور مراد راس گروپ کو چھوڑ نے کا اعلان کیا تھا۔جہانگیر ترین نے راجہ یاور کمال،مامون تارڑ اور رائے اسلم کو اپنے گروپ میں شامل ہونے پر خوش آمدید کہا۔ دوسری جانب اسلام آباد میں پرویز خٹک کی رہائش گاہ سیاسی سرگرمیوں کا مرکز بن گئی۔سابق وفاقی وزیر اور سابق صدر پی ٹی آئی خیبر پختو نخوا پرویز خٹک نے علیحدہ سیاسی جماعت بنانے پر غور شروع کر دیا۔ پرویز خٹک کی جانب سے اب تک 50 سے زائد سابق ارکانِ اسمبلی کی حمایت حاصل ہونے کا دعویٰ کیا جا رہا ہے۔مزید سابق اراکین اسمبلی اور سابق وزراء سے رابطے تیز کر دئیے گئے۔ ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ پارٹی کیلئے کئی نام زیر غور ہیں اور منشور کی تیاری کا کام بھی تیز ہو گیا۔ صوبائی حقوق نئی سیاسی جماعت کے منشور میں سرِ فہرست ہے،قبائلی علاقوں کی محرومیاں ختم کرنے کیلئے بھی اقدامات اجاگر کئے جائیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں