43

خیبرپختونخواہ میں نگران حکومت کے قیام کے بعد ایک کے بعد ایک منصوبہ بند ہونے لگا

خیبرپختونخواہ میں نگران حکومت کے قیام کے بعد ایک کے بعد ایک منصوبہ بند ہونے لگا، صوبے میں صحت کارڈ پلس سہولت بند ہو جانے کے بعد اب بغیر کسی معقول وجہ کے ادائیگیوں میں تاخیر ہونے سے بی آر ٹی سروس بھی بند ہو جانے کا امکان۔ تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخواہ میں تحریک انصاف کی حکومت کے 10 سالہ دور کے اختتام کے بعد اور نگران حکومت کے قیام کے بعد سے صوبے کی عوام کو فراہم کی جانے والی اہم سہولیات ایک ایک کر کے بند ہونے لگی ہیں۔26 مئی کو انشورنس کمپنی نے فںڈز کی عدم ادائیگی کے بعد خیبرپختونخوا میں صحت کارڈ پلس منصوبہ بند کر دیا تھا۔ جبکہ میڈیا رپورٹس کے مطابق نگران صوبائی حکومت کی جانب سے کروڑوں روپے کے واجبات ادا نہ کرنے کی وجہ سے اب صوبے کا پہلا اور جدید ترین ماس ٹرانزٹ منصوبہ پشاور بی آر ٹی اب کسی بھی وقت بند ہو سکتا ہے۔اس حوالے سے ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق صوبائی حکومت کی جانب سے پبلک ٹرانسپورٹ سسٹم کے مختلف شعبوں کا انتظام کرنے والی پانچ نجی کمپنیوں کو تقریباً ایک ارب روپے کے واجبات ادا کرنے میں ناکامی کی وجہ سے پشاور بی آر ٹی منصوبہ بڑے پیمانے پر متاثر ہوا ہے۔صوبائی دارالحکومت کے 3 لاکھ مسافروں کے لیے بی آر ٹی کی 244 بسوں کا بیڑا چلانے والی نجی کمپنی کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ حکومت کی جانب سے اسے قابل ادائیگی رقم گزشتہ ماہ کے 45 کروڑ روپے سے بڑھ 75 کروڑ روپے تک پہنچ چکی ہے۔ اس کے علاوہ چار دیگر کمپنیاں بھی اپنی خدمات کے عوض حکومت سے 30 کروڑ روپے کا مطالبہ کر رہی ہیں۔ یکم جون کو نجی کمپنی انتظامیہ نے ایک بار پھر صوبائی حکومت سے واجبات کی ادائیگی کے لیے درخواست کی اور کہا کہ وہ ناکافی فنڈز کی وجہ سے بس سروس چلانے کے قابل نہیں رہے گی۔اپنے واجبات کی کل رقم 75 کروڑ 40 لاکھ روپے بتاتے ہوئے کمپنی نے خبردار کیا کہ واجبات کی عدم ادائیگی کے باعث کمپنی پر شدید مالی دباو ہے، لہذا وہ کسی بھی وقت کام بند کر دے گی ۔ یکم جون کو صوبائی حکومت کو لکھے گئے خط سے قبل نجی کمپنی نے پہلے 27 اپریل، پھر 17 مئی اور اس کے بعد 23 مئی کو تین مواقع پر حکومت سے مسئلہ حل کرنے کو کہہ چکی ، نگراں وزیر اعلیٰ محمد اعظم خان سے درخواست کی گئی کہ وہ واجبات کے معاملے کو حل کرنے کے لیے مداخلت کریں۔نگران وزیر اعلٰی کو بتایا گیا کہ کے پی اربن موبلٹی اتھارٹی طے شدہ معاہدے کی خلاف ورزی کر رہی ہے، بار بار کی درخواستوں اور یاد دہانیوں کے باوجود اس نے ہمیں واجب الادا ادائیگیاں جاری کرنے میں کوتاہی برتی ہے۔ اس حوالے سے ڈان اخبار کے مطابق نجی کمپنی کے ایک عہدیدار نے بتایا ہے کہ واجبات کی عدم ادائیگی کے باعث سروس کی بندش بالکل قریب ہے۔ بغیر کسی معقول وجہ کے ادائیگیوں میں تاخیر ہو رہی ہے۔ الزام عائد کیا گیا ہے کہ کچھ بااثر لوگ نجی کمپنی کی بی آر ٹی لیز کو منسوخ کرنا چاہتے ہیں تاکہ اسے دوسری فرم کو دیا جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں