پاکستان تحریک انصاف کے کے صدر چوہدری پرویز الہی نے عدالت میں میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں بے گناہ ہوں اور مجھے اپنی عدلیہ پر پورا اعتماد ہے۔میں شروع سے ہی پاک فوج کا حامی رہا ہوں۔لیکن ان کے لیے یہ لمحہ فکریہ ہے وہ اپنے ارد گرد بیٹھے لوگوں کو دیکھیں کہ ملک اور قوم کو کس طرف لے جایا جا رہا ہے۔چوہدری پرویز الہی نے پی ٹی آئی کے ورکرز کے نام پیغام میں کہا کہ آپ حق پر اور سچ پر ہیں۔آپ پاکستان کے لیے کھڑے ہیں، آپ نے مضبوط رہنا ہے، آپ نے پیچھے نہیں ہٹنا۔ باقی نتیجہ اللہ کے ہاتھ میں ہے۔خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی صدر چودھری پرویزالٰہی کو پولیس نے گرفتار کرلیا تھا۔پولیس ان کی ضمانت خارج ہونے پر گرفتاری کیلئے چھاپے مار رہی تھی ، جبکہ چودھری پرویزالٰہی کچھ روز سے روپوش تھے۔اس سے قبل پولیس نے ان کے گھر کے سامنے سکول کی بھی تلاشی لی تھی، پولیس کو موبائل لوکیشن مل رہی تھی کہ وہ اسی علاقے میں موجود ہیں، پولیس نے ان کی گرفتاری کیلئے وہاں ناکہ لگایا ہوا تھا۔ تاہم چودھری پرویزالٰہی آج جب ظہور الٰہی روڈ پراپنے گھر سے نکل کر گاڑی میں جارہے تھے کہ پولیس نے گاڑی روک کر انہیں گرفتار کیا ہے۔ چودھری پرویزالٰہی کو ان کے گھر کے قریب سے گرفتار کیا گیا۔یاد رہے چودھری پرویزالٰہی کیخلاف کرپشن کے مقدمات تھے، پرویزالٰہی پر ترقیاتی اسکیموں میں کک بیکس لینے کے الزامات ہیں۔ چودھری پرویزالٰہی اینٹی کرپشن کورٹ میں پیش نہیں ہوئے تھے، گوجرانوالہ کی اینٹی کرپشن عدالت نے ان کی عبوری ضمانت خارج کی تھی۔ عدالت نے انہیں گرفتار کرکے 2جون کو پیش کرنے کا حکم دیا تھا۔ نگران وزیراطلاعات عامر میر نے اپنے مئوقف میں کہا کہ چودھری پرویزالٰہی کو پولیس نے گرفتار کرلیا ہے، پرویزالٰہی گھر سے فرار ہوتے ہوئے پکڑے گئے، وہ اینٹی کرپشن کیس میں پولیس کو مطلوب تھے اور مفرور تھے،آج گھر سے دو گاڑیاں نکلیں ایک گاڑی میں پرویزالٰہی تھے اور دوسری گاڑی میں خواتین تھیں، پولیس نے گاڑی کو ناکے پر روکا کہ چیک کرنی ہے، ان کی گاڑی بلٹ پروف تھی وہ گاڑی کا دروازہ نہیں کھول رہے تھے۔
