38

جی ایچ کیو پر حملہ، تحریک انصاف کی خواتین رہنماؤں کی مبینہ آڈیو سامنے آ گئی

جی ایچ کیو پر حملے کی منصوبہ بندی سے متعلق تحریک انصاف کی خواتین ارکان کی مبینہ آڈیو سامنے آ گئی۔مبینہ آڈیو میں تحریک انصاف کی سابق رکن صوبائی اسمبلی فرح پارٹی کارکنان کو سابق رکن قومی اسمبلی کنول شوزب کی جانب سے دی جانے والی ہدایات دیتی ہیں۔ مبینہ آڈیو میں تحریک انصاف کی سابق ایم پی اے فرح کی سبرینا سے گفتگو موجود ہے۔گفتگو میں آغاز پر پی ٹی آئی رہنما انٹرنیٹ کی بندش سے متعلق گفتگو کرتی ہیں۔آڈیو میں فرح کہتی ہیں کہ ہم نے جی ایچ کیو پہنچنا ہے۔میں نکل آئی ہوں کیونکہ میم کنول نکلی ہوئی ہیں۔فیض آباد پرآدمی جا رہے ہیں۔فرح مزید کہتی ہیں کہ میم کنول نے کہا ہے کہ جی ایچ کیو کی طرف آنا ہے۔فیض آباد میں راشد حفیظ ،شفیق اورسماویہ ہے۔سماویہ کو دھکے مار مار کے واپس کر رہے ہیں، سماویہ ہیروئن بنی آگے آگے جارہی ہے۔۔یہاں واضح رہے کہ جی ایچ کیو حملہ کیس میں گرفتاریوں کا سلسلہ جاری ہے،پولیس نے مزید 5 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ جی ایچ کیو حملہ کیس میں گرفتار ملزمان کی تعداد 105 ہو گئی،مزید ملزمان کی شناخت کا عمل جاری ہے۔ جی ایچ کیو حملے کا مقدمہ تھانہ آر اے بازار میں درج ہے۔ پولیس کے مطابق جلاؤ گھیراؤ اور توڑ پھوڑ میں ملوث مزید 23 ملزمان کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے،راولپنڈی میں گرفتار ملزمان کی مجموعی تعداد 356 ہو گئی ،ہنگامہ آرائی اور جلاؤ گھیراؤ کے 18 مقدمات درج کئے گئے۔دوسری جانب لاہور کے جناح ہاؤس،عسکری ٹاور میں جلاؤ گھیراؤ اور توڑ پھوڑ میں ملوث 1500 شر پسندوں کی جیو فیسنگ کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے۔شناخت کا عمل نادرا اور دیگر اداروں کی مدد سے مکمل کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق پولیس نے 500 کے قریب شر پسند عناصر کو گرفتار کر لیا،گرفتار شر پسند عناصر کی مدد سے ان کے ساتھیوں کی تلاش جاری ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں