38

عمران اسماعیل 2 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

کراچی : انسداد دہشت گردی عدالت نے عمران اسماعیل کو 2 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق انسدا دہشت گردی عدالت میں سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل کیخلاف کیس کی سماعت ہوئی،عمران اسماعیل کو عدالت میں پیش کیا گیا۔ انسداد دہشت گردی عدالت نے عمران اسماعیل کو 2 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا اور حکم دیا کہ سابق گورنر سندھ کو پیر کو دوبارہ عدالت میں پیش کیا جائے۔پولیس نے سابق گورنر کی دہشت گردی کے مقدمات میں گرفتاری بھی ڈال دی ہے۔ سماعت سے قبل صحافی نے عمران اسماعیل سے سوال کیا کہ پارٹی تبدیل کرنے کیلئے کوئی دباؤ ہے؟ جس پر انہوں نے جواب دیا کہ مجھ پر کوئی دباؤ نہیں ہے۔ میرے خلاف بنایا گیا مقدمہ جھوٹا ہے،میں موقعے پر موجود ہی نہیں تھا۔یاد رہے کہ گزشتہ روز پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق گورنر عمران اسماعیل کو حراست میں لیا گیا تھا،عمران اسماعیل کو ڈیفنس فیز 8 کے قریب سے حراست میں لیا گیا۔عمران اسماعیل کو کراچی میں انسداد دہشتگردی کے مقدمات میں گرفتار کیا گیا،ان کے خلاف ٹیپو سلطان اور فیروز آباد تھانوں میں مقدمات درج ہیں،اس کے ساتھ ساتھ رینجرز کی چوکی،پولیس کی گاڑی،بس اور دیگر جلاؤ گھیراؤ کے مقدمات پہلے سے درج ہیں جن میں پی ٹی آئی کے 20 رہنما نامزد ہیں۔ ڈیفنس سے گرفتاری کے بعد عمران اسماعیل کو شرقی پولیس کے حوالے کیا گیا۔ جبکہ سندھ سے پی ٹی آئی کے سینئر رہنما علی زیدی اور فردوس شمیم نقوی سمیت دیگر رہنما پہلے سے ہی پولیس کی حراست میں ہیں۔ فردوس شمیم نقوی کو کراچی سے سکھر جیل بھیج دیا گیا،فردوس شمیم نقوی کے اہل خانہ نے دہائی دی ہے کہ فردوس شمیم کو سکھر جیل منتقل نہ کیا جائے یہ ان کے لیے موت کی سزا کے مترادف ہوگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں