69

شاہ محمود قریشی کی گرفتاری کالعدم قرار،عدالت کا رہا کرنے کا حکم

اسلام آباد: ہائیکورٹ نے شاہ محمود قریشی کو رہا کرنے کا حکم دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ میں وائس چیئرمین تحریک انصاف شاہ محمود قریشی کی نظر بندی کیخلاف درخواست پر سماعت ہوئی،عدالت نے شاہ محمود قریشی کی تھری ایم پی او کے تحت گرفتاری کالعدم قرار دے دی۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے شاہ محمود قریشی کو رہا کرنے کا حکم دے دیا،جسٹس گل حسن اورنگزیب نے شاہ محمود قریشی کی رہائی کا حکم جاری کیا۔جسٹس گل حسن اورنگزیب نے استفسار کیا کہ کیا وائس چیئرمین تحریک انصاف پر کوئی مقدمہ ہے؟ عدالت نے ریمارکس دئیے کہ شاہ محمود قریشی کو بیان حلفی دینے کے بعد رہا کیا جائے گا۔ قبل ازیں اسلام آباد ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی رہنما علی محمد خان اور ملیکہ بخاری کو رہا کرنے کا حکم دیا تھا۔اسلام آباد ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی رہنما علی محمد خان اور ملیکہ بخاری کی تھری ایم پی او کے تحت نظر بندی کو کالعدم قرار دیا،عدالت نے دونوں رہنماؤں کو رہا کرنے کے احکامات بھی جاری کیے،جسٹس گل حسن اورنگزیب نے احکامات جاری کئے۔جبکہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے فواد چوہدری کو رہا کرنے کا حکم دیا تھا لیکن فواد چوہدری جیسے ہی عدالت سے باہر نکلے تو انہیں دوبارہ گرفتار کرنے کی کوشش کی گئی۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس گل حسن اورنگزیب نے فواد چوہدری کی گرفتاری سے متعلق کیس کا فیصلہ سنا دیا تھا،عدالت نے فواد چوہدری کی گرفتاری کیخلاف درخواست منظور کی اور فواد چوہدری کی تھری ایم پی او کے تحت گرفتاری کالعدم قرار دی۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے قرار دیا کہ فواد چوہدری کی گرفتاری غیر قانونی تھی،دفعہ 144 کی خلاف ورزی نہیں کریں گے۔ فواد چوہدری نے عدالت میں کسی پر تشدد مظاہرے میں شرکت نہ کرنے کا بیان حلفی بھی دیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں