52

عمران نیازی کو دھاندلی اور جھرلو سے وزیراعظم بنایا گیا تھا، انہیں لانے والوں کا مقصد سب کو چور ڈاکو قرار دلوانا تھا، وزیراعظم محمد شہباز شریف کا وفاقی کابینہ کے اجلاس میں اظہار خیال

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ: عمران نیازی کو دھاندلی اور جھرلو سے وزیراعظم بنایا گیا تھا، انہیں لانے والوں کا مقصد سب کو چور ڈاکو قرار دلوانا تھا، عمران نیازی کو10سال تک مسلط رکھنے کا منصوبہ تھا، پی ٹی آئی قیادت نے ملک کو تباہی سے دوچار کر دیا، عمران نیازی کے خلاف مقدمات کو شجر ممنوعہ قرار دیا گیا ،اگر عمران خان خائن اور بددیانت نہیں ہے تو عدالت میں اپنی بے گناہی ثابت کرے،دوہرے معیار سے انصاف کا جنازہ نکل گیا ہے۔جمعہ کو وفاقی کابینہ کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ عمران خان نیازی نے جھوٹے پروپیگنڈے سے قوم کو تقسیم کیا اور ہر جگہ زہر پھیلایا، عمران نیازی نے امریکا سے تعلقات خراب کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی، ہم نے پاکستان کے سفارتی محاذ پر دنیا کے ساتھ تعلقات بہتر بنانے کیلئے اقدامات کئے، حکومت ورثے میں ملنے والے مسائل اور چیلنجز پر قابو پانے کیلئے حتی المقدور کوششیں کر رہی ہے، ملک انتہائی مشکل صورتحال سے گزر رہا ہے، آئینی طریقے سے منتخب ہماری حکومت کو امریکی سازش قرار دیا گیا، عمران خان اور اس کے حواری بے شرمی سے جھوٹ بولتے رہے، پی ٹی آئی حکومت میں اربوں روپے کی کرپشن پر کسی نے جواب نہیں مانگا بلکہ مالم جبہ، بلین ٹری سونامی اور بی آر ٹی جیسے کرپشن کے کیسوں میں انہیں کلین چٹ دی گئی اور ان مقدمات کو شجر ممنوعہ قرار دیا گیا جبکہ سابق وزیراعظم نواز شریف کو پانامہ کے ڈرامے اور اقامے کے اچھوتے مقدمے میں سزا سنائی گئی، انہوں نے اپنی بیٹی کے ہمراہ عدالتوں کا سامنا کیا، آصف علی زرداری کی بہن کو چاند رات کو ہسپتال سے اٹھا کر گرفتار کیا گیا، آج نیب کے غبن اور کرپشن کے مقدمے میں عدلیہ عمران خان کیلئے آہنی دیوار بن گئی جبکہ ہمارے مقدمات لٹکائے جاتے تھے، سال سال تک ضمانت کی درخواست نہیں سنی جاتی تھی، کل عدالت کے ریمارکس پر حیرت ہوئی، کاش فریال تالپور، مریم نواز اور ہمیں بھی عدالتوں میں دیکھ کر کہا جاتا کہ آپ کو دیکھ کر بہت اچھا لگا، عام لوگوں کے مقدمات عدالتوں میں سالہا سال لٹکے رہتے ہیں، ہم نے صبر کے ساتھ تمام مقدمات کا عدالتوں میں سامنا کیا۔وزیراعظم نے کہا کہ عمران نیازی کا مقصد آئی ایم ایف ڈیل کو ختم کرنا اور پاکستان کو معاشی طور پر تباہ کرنا تھا، نیب نیازی گٹھ جوڑ نے سرمایہ کاروں کو بھگا دیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ عمران نیازی نے حساس تنصیبات پر حملے کرائے، اگر عمران خان خائن اور بددیانت نہیں ہے تو عدالت میں اپنی بے گناہی ثابت کرے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں