لاہور : عثمان بزدار نے پنجاب یونیورسٹی میں چھپنے کی خبروں کی تردید کر دی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سابق وزیراعلٰی پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ میں پنجاب یونیورسٹی میں موجود نہیں تھا،یونیورسٹی میں چھپنے سے متعلق خبر غلط ہیں۔ میرے خلاف سیاسی مقدمات بنائے جا رہے ہیں،ہمیں اداروں اور عدلیہ پر مکمل اعتماد ہے،تمام مقدمات میں سرخرو ہو جاؤں گا۔عثمان بزدار نے چوہدری پرویز الٰہی کے مقدمے پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صدر پی ٹی آئی کا مقدمہ عدالت میں زیر التوا ہے اس پر بات نہیں کروں گا۔ یاد رہے کہ احتساب عدالت لاہور نے آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس میں عثمان بزدار کی عبوری ضمانت میں 13 مئی تک توسیع کر دی ہے۔ احتساب عدالت میں سابق وزیر اعلٰی پنجاب عثمان بزدار کی درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی،عدالت نے عثمان بزادر کی عبوری ضمانت میں 13 مئی تک توسیع کرتے ہوئے انہیں 10 مئی کو نیب آفس پیش ہونے کی ہدایت کر دی۔تفتیشی افسر نے عدالت میں بتایا کہ سابق وزیراعلٰی کو دوبارہ نو مئی کو سمن جاری کیا،باقی سوالات کے جوابات دیں۔ عثمان بزدار کے وکیل نے کہا کہ نو مئی کو سابق وزیراعلٰی نے لاہور ہائیکورٹ کے ملتان بینچ میں پیش ہونا ہے۔ عدالت نے عثمان بزدار کی مکمل تفتیشی رپورٹ نیب لاہور سے طلب کر لی جبکہ سابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار 26 اپریل کو نیب میں پیش ہو ئے تھے جہاں ان سے تقریباً پونے 2 گھنٹے تک تفتیش کی گئی۔ آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں نیب عثمان بزدار کو پہلے بھی کئی بار طلب کر چکا ہے،تاہم کورونا میں مبتلا ہونے کی بنا پر سابق وزیراعلی پنجاب نیب پیش نہیں ہوسکے تھے اور انہوں نے نیب کو اپنا میڈیکل سرٹیفکیٹ بھجوا دیا تھا۔
38