35

عمران خان :نے اسپیشل پاور آف اٹارنی تیار کر لی عدالتی کارروائیوں کیلئے اپنے متبادل کے طور پر وکیل نعیم پنجوتھہ کو نامزد کرتا ہوں،ذاتی مصروفیات کے باعث سول اور فوجداری مقدمات میں عدالت پیش نہیں ہو سکتا،چیئرمین پی ٹی آئی

لاہور : چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے اسپیشل پاور آف اٹارنی تیار کر لی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق عمران خان نے عدالتی کارروائیوں کیلئے اپنے متبادل کے طور پر وکیل نعیم پنجوتھہ کو نامزد کر دیا۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے ملک بھر میں عدالتی کارروائیوں کیلئے پاور آف اٹارنی کی کاپی نعیم پنجوتھہ کو فراہم کر دی،نعیم پنجوتھہ کو تمام عدالتوں میں درخواستیں،اپیلیں انٹرا کورٹ اپیلیں دائر کرنے کا اختیار ہو گا۔عمران خان نے کہا کہ ذاتی مصروفیات کے باعث سول اور فوجداری مقدمات میں عدالت پیش نہیں ہو سکتا،نعیم پنجوتھہ میری طرف سے عدالت میں بیان ریکارڈ کروانے کا اختیار بھی رکھتے ہیں۔ دوسری جانب اسلام آباد ہائیکورٹ نے توشہ خانہ کیس میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کو جاری نیب نوٹسز کو خلاف قانون قرار دے دیا ہے،چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس بابر ستار نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ کی نیب طلبی کیس کا فیصلہ جاری کیا۔عدالت نے فیصلہ میں قرار دیا کہ عمران خان اور بشریٰ بی بی کو بھیجے گئے نوٹس کی کوئی قانونی حیثیت نہیں۔ فیصلے میں کہا گیا کہ 17 فروری اور 16 مارچ کے نوٹسز قانون کے مطابق نہیں۔ یہ کہنے کی ضرورت نہیں کہ قانون کے مطابق نیب تازہ نوٹس جاری کرنے میں آزاد ہے،نیب پر قانون کے مطابق نئے نوٹس بھیجنے پر کوئی پابندی نہیں۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے نیب طلبی کیخلاف دونوں درخواستوں کو نمٹاتے ہوئے طلبی کے نوٹسز کو خلاف قانون قرار دیا۔جبکہ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے توشہ خانہ کیس میں ہی فرد جرم عائد کرنے کیلئے عمران خان کو 10 مئی کو ذاتی حیثیت میں طلب کر رکھا ہے۔ سیشن عدالت نے توشہ خانہ کیس میں عمران خان کی دونوں درخواستوں پر محفوظ فیصلہ گزشتہ روز سنایا تھا،ایڈیشنل سیشن جج ہمائیوں دلاور نے عمران خان کی درخواستیں خارج کر دی تھی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں