اسلام آباد : فواد چوہدری نے اسلام آباد میں ریلی نکالنے پر پابندی لگانے پر اظہارِ تشویش کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق رہنما تحریک انصاف فواد چوہدری نے ٹویٹر پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ اسلام آباد سمیت مختلف مقامات پر آئین سے اظہارِ یکجہتی کیلئے ریلیاں نکالنے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ اگر پاکستان کے عوام آئین سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہیں تو موجودہ حکومت اس سے کیوں خائف ہے؟۔فواد چوہدری نے کہا وجہ یہ ہے کہ موجودہ حکومت آئین کو روند کر پاکستان پر حکمرانی کر رہی ہے اور آئین کی حکمرانی سے ان کو اب ڈر لگتا ہے۔قبل ازیں سابق وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ آئین اور عدلیہ کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کیلئے آج قوم عمران خان کی کال پر باہر نکلے،اس وقت آپ کے حقوق مکمل طور پر سلب ہونے کو ہیں۔امپورٹڈ حکومت عوام کیلئے خطرہ بن چکی ہے،چیف جسٹس پاکستان اور عدلیہ کے خلاف سازشیں عروج پر ہیں،عوام اپنے اداروں کے دفاع کیلئے باہر نکلیں۔ یہ بھی خیال رہے کہ تحریک انصاف کو لاہور میں ریلی نکالنے کیلئے مشروط اجازت مل گئی۔ ضلعی انتظامیہ نے زمان پارک سے لکشمی چوک لاہور تک ریلی کا مشروط اجازت نامہ جاری کر دیا۔ ضلعی انتظامیہ کے اجازت نامے میں کہا گیا کہ ریلی میں عدلیہ اور اداروں کیخلاف تقاریر کی اجازت نہیں ہو گی،پبلک پراپرٹی کو نقصان پہنچانے پر پی ٹی آئی انتظامیہ ذار ہو گی۔ریلی کے دوران کارکنوں کو اسلحہ اور ڈنڈے ساتھ لانے کی اجازت نہیں ہو گی،جبکہ کاروباری مراکز بھی بند نہیں کیے جائیں گے۔ تحریک انصاف نے آج ملک بھر میں عدلیہ سے اظہار یکجہتی کیلئے ریلیاں نکالنے کا اعلان کر رکھا ہے۔
47